پیرس (جنگ نیوز) دنیا بھر میں کھلاڑیوں نے فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ملتوی ہونے پر فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یو ایس اوپن ہارڈ کورٹ جب کہ فرنچ اوپن کلے کورٹس پر کھیلا جائےگا، صرف ایک ہفتے میں کلے کورٹس پر ایڈجسٹ کرنا مشکل ہوگا۔ بعض معروف مرد وخواتین کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ اس بڑے فیصلے سے قبل ہمیں اعتماد میں نہیں لیا گیا، لگتا ہے کہ فرنچ اوپن حکام کے سامنے کھلاڑیوں کو کوئی اہمیت نہیں۔ کرونا وائرس کےخدشے کے پیش نظرفرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کو ستمبر تک ملتوی کردیا گیا ہے۔ گرینڈ سلم ٹورنامنٹ 24مئی سے7جون کےدرمیان پیرس میں کھیلا جانا تھا ۔ منتظمین کی جانب سے اعلامیے کے مطابق فرنچ اوپن اب یو ایس اوپن چیمپئن شپ کے ختم ہونے کے ٹھیک ایک ہفتے بعد 20 ستمبر سے 4اکتوبر کے درمیان کھیلا جائے گا۔ فرنچ ٹینس فیڈریشن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کورونا وائرس کے بحران نے دنیا بھر کی آبادیوں کو متاثر کیا ہے۔ کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال کے سبب طے شدہ تاریخوں میں ٹورنامنٹ کرانا ممکن نہیں تھا، اسی لیے اس ٹورنامنٹ کو ستمبر تک ملتوی کیا گیا ہے۔