کراچی( نصر اقبال،اسٹاف رپورٹر) بنگلہ دیش نے کورونا وائرس کے باعث رواں سال4 سے14جون تک ڈھاکا میں کھیلے جانے والے جونیئر ایشیا کپ ہاکی ٹور نامنٹ کو ملتوی کرنے پر غور شروع کردیا ہے، بنگلہ دیش ہاکی حکام کا کہنا ہے کہ ا س وقت جو صورت حال ہے اس میں اس ایونٹ کا انعقاد خطرے سے خالی نہیں ہے، کورونا وائرس کے بعد جو غیر ملکی کھلاڑی ڈھاکاآئیں گے ان کی صحت کے بارے میں تشویش ہوگی،بنگلہ دیش میں کھیلا جانے والا جونیئر ایشیا ء کپ اگلے سال ہونے والے جونیئر ورلڈ کپ کا رسائی رائونڈ بھی ہے جس کی ٹاپ ٹیم ورلڈ کپ میں حصہ لے گی، بنگلہ دیش ہاکی فیڈریشن کے سکریٹری مومن الحق کے مطابق جونیئر ایشیا کپ کی ٹرافی کو ملک کے بانی شیخ مجیب الرحمان سے موسوم کیا گیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ ہماری تیاری مکمل ہے،مگر موجودہ حالات میں فیڈریشن کی تمام سر گرمیاں معطل ہیں، جبکہ کئی ملکوں نے اپنی ٹیموں کے ٹرائلز ملتوی کردئیے ہیں،جس کے بعد مہمان کھلاڑیوں کے ایکری ڈیشن اور ویزے کا عمل ہوگا، ان کے اس بیان کے بعد امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ جونیئر ایشیا کپ کو کچھ عرصے کے لئے آگے بڑھایا جاسکتا ہے۔جس کا حتمی اعلان آئندہ ما ہ کیا جائے گا۔