• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ریلیف پیکج کی منظوری دے دی

وزیراعظم نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ریلیف پیکج کی منظوری دے دی


وزیر اعظم عمران خان نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ریلیف پیکج کی منظوری دے دی۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر تنخوا پر کام کرنے والے مزدوروں کے لیے 200 ارب روپے مختص کر دیے گئے۔

ریلیف پیکج میں صنعتوں اور برآمد کنندگان کے لیے 100 ارب روپے کا ٹیکس ریفنڈ جاری کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔

وزیراعظم نے صنعتوں اور برآمد کنندگان کے لیے سود کی ادائیگی یا اصل رقم کی ادائیگی بھی مؤخر کرنے کی منظوری دی ہے۔ 

زراعت، چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں کے لیے 100 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ زراعت، چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں سے قرضوں کی وصولی بھی مؤخر کردی گئی ہے۔ 

اعلامیے کے مطابق زراعت، چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں کو رعایتی قرضے جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔ 

اس کے علاوہ پناہ گاہوں کا دائرہ وسیع کرنے کے لیے 6 ارب روپے جاری کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ 

وزیراعظم عمران خان نے غریب خاندانوں کے لیے 144 ارب روپے جاری کرنے کی منظوری دی، اس مد میں ایک کروڑ 20 لاکھ خاندانوں کی 4 ماہ تک مالی معاونت کی جائے گی۔

اعلامیے کے مطابق یوٹیلٹی اسٹورز کو بھی 50 ارب روپے جاری کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ 

اس کے ساتھ ساتھ گندم کی خریدار کے لیے 280 ارب روپے جاری کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ 

وزیراعظم نے تمام پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15 روپے فی لیٹر کمی کی منظوری دی۔ 

اس ریلیف پیکج میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے لیے 70 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ 

اس کے علاوہ ماہانہ 300 یونٹ بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے 36 ارب روپے کے ریلیف پیکج کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ 

دو ہزار روپے تک گیس بل 3 ماہ کی قسطوں میں وصول کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ 

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اس اعلامیے میں کہا گیا کہ صحت اور خوراک کی مصنوعات پر ٹیکس ختم کرنے کی منظوری دی گئی ہے، اور صحت اور فوڈ سپلائز پر ٹیکس ختم کرنے کی مد میں 15 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ 

وزراعظم نے توانائی فنڈ کے قیام کے لیے 100 ارب روپے مختص کیے ہیں جبکہ این ڈی ایم اے کے لیے 25 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دی گئی ہے۔ 

تازہ ترین