• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

1992ورلڈ کپ :معلوم ہی نہ تھا کہ تاریخ رقم کردی ہے،وسیم اکرم

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور 1992کے ورلڈ کپ کے ہیرو وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ میلبورن میں ورلڈ کپ جیت کر پرجوش تھے ہمیں علم نہیں تھا کہ ہم نے کونسی تاریخ رقم کردی ہے ۔ عمرہ کرکے جیسے ہی لاہور کے انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر اترے اور ایئر پورٹ کے باہر انسانوں کا سمندر دیکھا تو اس وقت ہمیں پتہ چلا کہ قوم اس کامیابی پر کس قدر خوش ہے۔ ایئرپورٹ سے ہوٹل کا پندرہ منٹ کا فاصلہ چھ گھنٹے میں طے ہوا۔ اسی جیت کے ایک اور کردار رمیزراجا کا کہنا ہے کہ خانہ کعبہ میں بھی لوگ کھلاڑیوں سے آٹو گراف لیتے رہے ۔ ورلڈ کپ کی جیت کی28 ویں سالگرہ کے موقع پر خصوصی انٹر ویو میں جیت کے تاریخی سفر کی یادیں شیئر کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ میں اس وقت25 سال کا تھاہم تین ہفتے پہلے آسٹریلیا گئے تھے سخت محنت کی اور جیت نے دنیائے کھیل کے نقشے پر پاکستان کو شناخت دی۔ اس سے قبل ہمیں چھوٹی چھوٹی سیریز ملتی تھیں لیکن اس جیت کے بعد آج بھی دنیا کے بڑے بڑے کھلاڑی ہمارے کارنامے کو یاد کرتے ہیں۔ ہمارے حالات اس قدر خراب تھے کہ ہم چالیس سال سے زائد کھلاڑیوں کی ٹیم سے بھی ہار گئے تھے۔ ہمیں نیوزی لینڈ کے خلاف نفسیاتی برتری کا علم تھا۔
تازہ ترین