• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گریٹر مانچسٹر میں لاک ڈائون کے دوران لوگوں پر جرمانے

مانچسٹر(خورشید حمید) گریٹر مانچسٹر میں کورونا وائرس کے متاثرین اور اموات کی تعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔24گھنٹوں میں کورونا سے مزید چار افراد چل بسے، یوں اب تک مرنے والوں کی تعداد27 تک جا پہنچی ہے، گریٹر مانچسٹر میں لاک ڈائون کے تیسرے روز سڑکوں پر ٹریفک قدرے کم رہی، پولیس اب لوگوں کو بلاوجہ گھروں سے نکلنے پر روک رہی ہے اور جرمانے بھی کیے جارہے ہیں، لاک ڈائون کے پہلے دو دنوں میں بعض شہریوں نے چھٹی کو دوبالا کرنے کیلئے تفریحی مقامات کا رخ بھی کیا۔ مانچسٹر کا نواحی علاقہ سیلفورڈ کورونا کیسز کے لحاظ سے سرفہرست ہے جہاں پر اب تک 52کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، بری میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز 23تک پہنچ گئے ہیں، گریٹر مانچسٹر کی بیشتر مساجد میں کورونا سے پیدا ہونے والی صورتحال کے بعد نماز جمعہ کے اجتماعات کا انتہائی محدود انعقاد کیا گیا۔گریٹر مانچسٹر میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد395 ہوگئی ہے، جبکہ برطانیہ بھرمیں ایسے مریضوں کی تعداد11658 تک جا پہنچی ہے میئر آف گریٹر مانچسٹر اینڈی برتھم نے واضح کیا ہے کہ گریٹرمانچسٹر کے ہاسپٹلز کورونا کے بڑھتے ہوئے مریضوں کو قبول کرنے کیلئے تیار نہیں، واضح رہے کہ محکمہ صحت کے ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ اگلے دو ہفتوں میں گریٹر مانچسٹر میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوگا اور گریٹر مانچسٹر میں کورونا مریضوں کی تعداد لندن کے برابر ہوجائے گی ۔این ایچ ایس کے چیف کے نمائندے کرس ہاسپن کا کہنا ہے کہ این ایچ ایس کے ملازمین کے بیمار ہونے سے کورونا کے مریضوں کے علاج پر فرق نہیں آنے دیں گے۔
تازہ ترین