تحریر: عالیہ کاشف عظیمی
ماڈل :عائشہ صنم خان
ملبوسات: Nida's Collection
ڈیزائنر: کامران عقیل
آرایش:ماہ روز بیوٹی پارلر
عکّاسی :عالیہ نثار
لے آؤٹ: نوید رشید
شاہراہیں ہوں یا مارکیٹس، شاپنگ مالز ہوںیا معروف برانڈ کے آؤٹ لیٹس ہر جگہ سنّاٹا طاری ہےکہ لاک ڈاؤن ہی کورونا وائرس جیسی عالمی وبائی آفت سے تحفّظ کا بہترین حل ہے۔ ان شاء اللہ جب یہ کڑا وقت گزر جائے گا، تو معمول کی رونقیں پھر لوٹ آئیں گی۔مگر موجودہ صُورتِ حال سے تقریباً ہر فرد اعصابی دباؤ کا شکار ہے۔ایسے میں مثبت مشاغل اختیار کرکے خودکو مصروف رکھیں،اپنے پیاروں کووقت دیں اور اپنے لبوں پر مُسکراہٹ کے گُل بھی کھِلائے رکھیں، تاکہ ایک دوسرے کو یہ مشکل اور کٹھن وقت گزارنے کے لیے حوصلہ دے سکیں۔اِسی ذہنی تناؤ کو کم کرنے کے لیے ہم نے بھی آج اپنی بزم کچھ دِل کش اورجدّت و ندرت سے بَھرپور پیراہن سے مرصّع کی ہے۔ ویسے تو جلد ہی معمول کی زندگی لوٹ آنےپر کئی تقریبات کے لیے آپ ان میں سے کوئی بھی رنگ و انداز منتخب کرسکتی ہیں، لیکن ابھی اور کچھ نہیں تو کم از کم ان پیراہن کو دیکھ کر ہی ماحول میں تروتازگی کا احساس سا گُھل جائے گا۔
ذرا دیکھیے،فون رنگ پلین ٹراؤزر کے ساتھ بھاری کام دار ٹیل فراک کیسی پیاری لگ رہی ہے، جب کہ کنٹراسٹ میں ہلکے گلابی رنگ دوپٹّے کے اطراف میں کام دار بیل کے ساتھ سلور رنگ بالز اور کہیں کہیں ستاروں کی آرایش بھی خُوب ہے۔پھر ساٹن سِلک میں طلائی رنگ ڈھیلی ڈھالی، کام دار میکسی کی دِل کشی و رعنائی بھی کچھ کم نہیں۔ میکسی کے گھیر پر کنٹراسٹ میں سُرخ رنگ کام دار پٹی خوش گوار تاثر دے رہی ہے، توتھریڈ ورک اور گوٹے کے جال سے آراستہ عنّابی رنگ دوپٹّا بھی غضب ڈھا رہا ہے۔پھر آف وائٹ اور فون کے امتزاج میں چُوڑی دارپاجامے کے ساتھ روایتی قمیص ایک دِل آویز پہناوا ہے۔ قمیص کے ایک جانب انتہائی خُوب صُورت زَری، ستاروں کا کام ہے، تو کہیں کہیں ستاروںکے چَھن بھی پڑے ہیں،جب کہ فون رنگ دوپٹّے کے اطراف ہرے رنگ کی گوٹ کے ساتھ ایمبرائڈری بھلی لگ رہی ہے۔رسٹ رنگ میں پلین چُوڑی دار پاجامے کے ساتھ سلمےدبکےکی بھاری کام دار قمیص ہے، تو کنٹراسٹ میں عنّابی رنگ قدرے کم کام دار دوپٹّا بھی خاصا کِھل رہا ہے۔اِسی طرح ساٹن سِلک میں پلین آف وائٹ ٹراؤزر کے ساتھ پِیچ رنگ کی بھاری کام دار شرٹ ہے، تو ساتھ نیٹ کا اسٹائلش دوپٹّا بھی بھلا لگ رہا ہے۔