سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر بلڈ بینک اسپتال میں زیر علاج مریض کو کورونا وائرس کے شک کی بنیاد پر قرنطینہ سینٹر گمبٹ منتقل کردیا گیا۔ مریض میں کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے پر اسے قرنطینہ سینٹر منتقل کیا گیا۔ سکھر کے علاقے عید گاہ روڈ پر واقع نجی اسپتال سکھربلڈ بینک میں داخل نیوپنڈ کے رہائشی اعجاز نامی مریض میں کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے پر اسپتال انتظامیہ کی جانب سے ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کیا گیا، جس کے فوری بعد مریض کو حفاظتی انتظامات کے ساتھ ایمبولینس کے ذریعے گمبٹ میں قائم قرنطینہ سینٹر منتقل کردیا گیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق اعجاز نامی مریض چند دن قبل کرنٹ لگنے سے بری طرح جھلس گیا تھا، جسے علاج کے لئے کراچی منتقل کیا گیا، دوران علاج اعجاز کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا تاہم اسے احتیاطی طور پر14دن کے لئے آئسولیشن وارڈ میں رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، مریض پریشان ہوکر کراچی سے فرار ہوکر سکھر آگیا تھا اور بلڈ بینک میں زیر علاج تھا۔