• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مراعات لینے والے وزراء نے عوام کو تنہا چھوڑ دیا ‘ جماعت اسلامی

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) صوبائی امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا ہے کہ کورونا جیسی بڑی مصیبت کے وقت بھاری تنخواہیں اور مراعات لینے والے وزراء اور ممبران اسمبلی نے عوام کو تنہا چھوڑ دیا ہے۔ اساتذہ اور بلدیاتی سمیت دیگر ادارے موجود ہیں، ٹائیگر فورس محض سیاسی پوائنٹ اسکورنگ ہے، رجسٹریشن کے بعد غیر تربیت یافتہ نوجوانوں کی تربیت کیلئے بہت زیادہ وقت درکار ہو گا، خدانخواستہ اس دوران بہت نقصان ہو جائیگا۔ حکمران ہوش کے ناخن لیں اور موجودہ حالات میں میڈیا میں ان رہنے کیلئے ایسے فیصلے نہ کریں جس سے قوم تقسیم ہو۔ موجودہ حالات میں تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف اضلاع کے دورے کے دوران عہدیداران اور رضا کاروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ جماعت اسلامی، الخدمت اور جے آئی یوتھ کے رضاکار جان جوکھوں میں ڈال کر انسانیت کی خدمت میں مصروف ہیں، سکیورٹی فورسز اور ڈاکٹرز جنگی بنیادوں پر عوام کی خدمت کر رہے ہیں، ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے تمام اضلاع میں دیہاڑی دار اور بدترین معاشی بحران کی وجہ سے متاثر ہونے والے خاندانوں کے گھروں تک فوڈ پیکیج اور تیار کھانا پہنچا رہے ہیں۔ موجودہ حالات میں قوم کو امید دلا کر کھڑا کرنے کی ضرورت ہے۔
تازہ ترین