• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

لاک ڈاؤن پر عملدرآمد کیلئے پولیس کی کارروائیاں

سندھ میں وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ کے کرونا وائرس سے نبرد آزما ہونے کے لیے سخت اقدامات کے اعلان کیے گئے جن میں لاک ڈاؤن بھی شامل ہے۔ لاک ڈاؤن کے دوران عوامی اجتماعات یا لوگوں کی گھروں سے باہر غیر ضروری نقل و حمل پر پابندی عائد کردی گئی۔ وزیر اعلیٰ کے احکامات پر ڈگری پولیس و انتظامیہ بھی حرکت میں آگئی ہے اور اس نے شہر میں لاک ڈاؤن پر عمل درآمد کرانے کے لیے سخت نوعیت کے اقدامات کیے ہیں۔ اس سلسلے میںـ اسسٹنٹ کمشنر ڈگری نثاراحمدمیمن، ایس ایچ او ڈگری آفتاب رندنے اپنے عملے کے ساتھ شہر کے مختلف مقامات کا گشت کرکے شہریوں کو گھروں میں رہنے کی تلقین کی۔تاہم انتظامیہ کی جانب سےبار بار تنبیہ کے باوجود پولیس نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے پر پانچ افراد محمد آصف آرائیں،عبداللہ سموں،آصف قائم خانی ،زاہد کمہاراور رمیش کمار کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔پولیس اسٹیشن ڈگری کی حدود میں ایس ایچ او ڈگری آفتاب رند نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر گاڑی میں سوار چار افرادغلام مصطفی چانڈیو، حمید سومرو،امیر احمد چانڈیو اور نور محمد سومروکو گرفتار کرکےجرمنمبر 21/2020 زیر دفعہ 188/279کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔واضح رہے کہ ڈگری تھانے پر دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے کا یہ دوسرا مقدمہ درج کیا گیا۔

ایس ایس پی جاوید بلوچ کی ہدایات و احکامات پر پولیس کا ضلع کے مختلف تھانوں کی حدود میں جواریوں اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہا۔ تھانہ اولڈ میرپور کےایس ایچ او نے گاؤں میر محمد لغاری میں خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کارروائی کرکے جوا کھیلتے ہوئے امیر بخش، حمید، علی نواز اور لطف علی کو گرفتار کر لیا۔ جبکہ دو ملزمان امیر اور جعفر فرار ہوگئے۔۔ ملزمان کے قبضے سے تاش اور جوئے کی رقم برآمد کر لی گئی۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ جوا ایکٹ، کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا جب کہ مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ میرواہ گورچانی تھانہ دلبر خان مہر تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن پولیس نے دفعہ 144کی خلاف ورزی ، ڈبل سواری پر پابندی اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی زبیر، محمد وقاص، محمد عقیل، فرحان، شعیب اور شاجہاں سمیت درجنوں افراد کو گرفتار کرلیا۔

لاک ڈاؤن اور عوام کی پریشانیوں سے فائدہ اٹھا کرذخیرہ اندوز اور منافع خور مافیا بھی سرگرم ہوگئی ہے۔ ڈگری میں دکانداروں نے اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کردیا ہے۔ روز مرہ استعمال کی اشیاءجن میں گھی،چینی،آٹا اور دالوں سمیت سبزیوں کی قیمتوں میں تیس سے چالیس فیصد تک اضافہ کردیا گیا ہےجب کہ غریب شہریوں کا کوئی پرسان حال نہیں۔ڈگری کے سماجی رہنمائوں کامریڈ شہباز خان، اویس ایوب۔رائو جنید اور دیگر نے اسسٹنٹ کمشنر ڈگری سے مطالبہ کیا ہے کہ شہریوں کواشیائے خورونوش و صرف کی مصنوعی قلت اور ہوش ربا مہنگائی سے نجات دلائی جائے۔

گزشتہ دنوں دیسی مرغی کا گوشت 900 روپے کلو فروخت کرنے کی اطلاعات ملنے پر اسسٹنٹ کمشنر ڈگری نے فوری کاروائی کرتے ہوئے ڈگری ٹنڈو جان محمد روڈ پر واقع دو دکانوں پرچھاپہ مار کر دونوں مرغی فروشوں کو گرفتار کرلیا۔ واضح رہے دیسی مرغی کے گوشت کا سرکاری نرخ 600 روپےفی کلو مقرر ہے۔ لیکن مذکورہ ملزمان اسے مہنگے نرخوں پر فروخت کررہے تھے۔

تازہ ترین
تازہ ترین