• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میرشکیل الرحمٰن کوفوری رہا کیا جائے ،پرائیڈآف ڈیمو کریسی انٹر نیشنل

لندن (پ ر)پرائیڈآف ڈیمو کریسی انٹر نیشنل نے جنگ و جیو گروپ کے ایڈیٹر ا ِن چیف میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ پی او ڈی ٓئی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں چیئر مین عمر میمن نے میر شکیل الرحمٰن کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں آزاد صحافت کو انتہائی مشکلات کا سامنا ہے۔آزادی صحافت کی صور تِ حال موجودہ دورِ حکومت میں انتہائی افسوس ناک ہے ۔عمر میمن نے مزید کہا کہ میر شکیل الر حمٰن کی گرفتاری قانونی سے زیادہ انتقامی اور ذاتی عناد نظر آتی ہے۔حکومت کی جانب سے میڈیا پر پابند ی کو سخت کرنا اور غیر جانب دار،آزادد میڈیاآ رگنائزیشن کو ہراساں کرنا ایک منظم سازش دکھائی دیتی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ جنگ گروپ سمیت دیگر میڈیا اداروں کے مالکان کے خلاف انتقامی کار روائیوں کا منفی اثر ملازمین اور ان کے خاندانوں پر معاشی مشکلات کی صورت میں بھی پڑ رہا ہے۔ میڈیا کے اشتہارات کی بندش کے مضر اثرات سامنے آ رہے ہیں مالی حالات مزید خراب ہونے سے اداروں میں چھانٹیاں اور ورکروں کو ملازمت سے فارغ کرنے کا عمل شروع ہو چکا ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ سرکاری اشتہارات کی بندش اور دباؤ بھی ایک طرح کی غیرا علانیہ سنسرشپ ہے۔حکومت ایک طرف تولوگوں کو روزگا فراہم کرنے کی بات کرتی ہے لیکن عملی طورپر ہزاروں لوگوں کو بے روزگاری کی جانب دھکیل رہی ہے ۔ عمر میمن نے کہا کہ ایک جانب پاکستان سمیت پوری دنیا کورونا وائرس سے مقابلے کی کوشش کر رہی ہے تو دوسری جانب موجودہ حکومت میڈیا اور سیاسی مخالفین کے خلاف انتقامی کارروائیوں میں مصروف ہے۔ان حالات میں وزیر اعظم اور حکومت کو میڈیا اور تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر اس وباء کا مقابلہ کرنا چاہیے تھا۔ پرائیڈ آف ڈیمو کریسی انٹر نیشنل نے میر شکیل الر حمٰن کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو کام نیب کے دائرہ اختیار میں نہیں وہ اگر پھر بھی حکومت کے کہنے پر ایسی انتقامی کارروائیاں کررہا ہے تو یہ انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے ۔ 

تازہ ترین