• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا سے بڑھتی بیروزگاری، سعودیہ نجی ملازمین کو تنخواہ دے گا، بنگلہ دیش کا درآمدی شعبے کے ملازمین کیلئے پیکیج

واشنگٹن، پیرس،تہران(اے ایف پی، خبرایجنسی، جنگ نیوز)کوروناوائرس دنیا بھر میں تیزی سے پھیل رہا ہے جس کے باعث کورونا سے بیروزگاری بڑھتی جارہی ہے،سعودی عرب نے نجی ملازمین کو تنخواہ دینے کا فیصلہ کیاہے جبکہ بنگلہ دیش نے درآمدی شعبے کے ملازمین کو 10ہزار کروڑ کا پیکج دینے کا فیصلہ کیاہے۔

ادھر وائرس کےباعث دنیا بھر میں متاثرین کی تعداد ساڑھے11لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ 62ہزار تک ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی ہیں،کئی ممالک نےوائرس کی صورتحال دیکھتے ہوئے لاک ڈائون میں توسیع کافیصلہ کیاہے، 24گھنٹے کےدوران امریکا میں ریکارڈ 1500، برطانیہ میں 708اموات سامنے آئی ہیں جبکہ ایران میں نئے کورونا کیسز کی شرح میں کمی دیکھنے کو ملی ہے۔

امریکا نےشہریوں کو ماسک پہننے کی ہدایت کردی ،ادھر متحدہ عرب امارات نے ایکسپو 2020ملتوی کرنیکی درخواست کی ہے۔

تفصیلات کےمطابق سعودی عرب نے نجی شعبے کے ملازمین کو آئندہ 3 ماہ تک 60 فیصد تنخواہ دینے کا اعلان کردیا،نجی شعبوں کے ملازمین کو مجموعی طور پر 2 ارب 39 کروڑ ڈالر ادا کیے جائیں گے۔

حکام کی جانب سے مذکورہ فیصلہ نجی کمپنیوں کے لیے غیر معمولی ریلیف کا باعث سمجھا جارہا ہے۔

دوسری جانب بنگلہ دیشی حکومت نے برآمد ی شعبے کے تمام ملازمین کیلئے 5ہزار کروڑ ٹکے (تقریباً10ہزار کروڑ پاکستانی روپے) کا ریلیف پیکیج دینے کا اعلان کیاہے،مذکورہ رقم تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے استعمال کی جائیگی۔

امریکا میں کورونا مریضوں کی تعداد3 لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے جبکہ 7ہزار406ہلاکتیں ریکارڈ کی جاچکی ہیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق صرف ریاست نیویارک میں 700سے زائد افراد ہلاک ہوئے جہاں اموات کی تعداد ساڑھے 3 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔ادھر برطانیہ میں مجموعی مریضوں کی تعداد 42ہزار ہوگئی ہے،جبکہ 4ہزر 313ہلاکتیں ریکارڈ ہوئی ہیں۔

فرانسیسی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ کی وزارت صحت نے ملک میں کورونا وائرس سے 5 سالہ بچے کی ہلاکت کی تصدیق بھی کردی ہے۔ فرانس میں بھی کورونا سے مزید 441 اموات ہوئیں جس کے ساتھ ہی مجموعی تعداد 7ہزار560 ہوگئی جبکہ مریضوں کی تعداد بھی 85 ہزار سے زیادہ ہے۔

اسپین میں گزشتہ روز 809ہلاکتیں ہوئی ہیںجس کےساتھ ہی مجموعی ہلاکتیں12ہزار تک پہنچ گئی ہیں جبکہ متاثرین کی تعداد بھی ایک لاکھ 24ہزار تک پہنچ گئی ہے۔اسپین نے وائرس کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے لاک ڈائون میں 25 اپریل تک کی توسیع کردی ہے۔مالدیپ نے بھی کورونا کیس سامنے آنے کی تصدیق کردی ہے۔

ترکی میں500 سے زائد اموات اور 21ہزار سے زائد کیسز سامنے آنےکے بعد ملک میں عوامی مقامات پر سختیاں شروع کردی ہیں،ترکی صدر نے مارکیٹ اور دکانوںپر جانے والے تمام افراد کو ماسک لازماً پہننے کی ہدایت کی ہے۔سوئٹزرلینڈ میں کورونا سے 500اموات اور 20 ہزار کیسز سامنے آچکے ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 76 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ادھر ایران میں کورونا کیسز کی شرح میں کمی دیکھی گئی ہے۔

ایران کے ایک رکن پارلیمنٹ بہرام پارسائی نے کہا ہے کہ اگر حکومت ’’قم‘‘ میں بر وقت لاک ڈائون کر دیتی تو آج کورونا پورے ملک میں نہ پھیل سکتا۔ادھر افغانستان میں بھی کورونا وائرس کا پھیلاؤ جاری ہے اور وہاں ہفتے کو مزید 18کیسز ریکارڈ کیے گئے۔

اس حوالے سے طلوع نیوز نے رپورٹ کیا کہ 24 فروری کو آنے والے پہلے کیس کے بعد سے اب تک 7 صوبوں میں کورونا وائرس کے مجموعی طور پر 299 کیسز سامنے آئے ہیں۔افغانستان کی وزارت صحت کے مطابق 24 گھنٹوں میں کیے گئے 85 ٹیسٹ میں سے 7 افراد کے نتائج مثبت آئے۔اٹلی نے بھی ایک اور ماہ کے لاک ڈائون کی تیاری شروع کردی ہے۔یونان نے بھی 27اپریل تک لاک ڈائون میں توسیع کردی ہے۔

تازہ ترین