• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فالج کا حملہ ہونے پر ہنگامی طبی امداد کیلئے 999 پر ڈائل کریں

لندن (پی اے) برطانوی ماہرین نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے دوران بھی فالج کا حملہ ہونے کی صورت میں ہنگامی طبی امداد کیلئے 999 پر ڈائل کر کے مدد طلب کی جاسکتی ہے۔ ماہرین نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا ہے کہ بہت سے لوگ فوری امداد کی ضرورت کے باوجود مدد غالباً کورونا وائرس کے خوف سے یا این ایچ ایس پر بار نہ بننا چاہنے کی وجہ سے مدد طلب نہیں کرتے۔ فالج سے متعلق ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ فالج کے حملے کے بعد طبی امداد میں تاخیر سے انسان معذور ہوسکتا ہے اور اس کی موت بھی واقع ہوسکتی ہے جبکہ فوری علاج اور تشخیص سے زندگیاں بچائی جاسکتی ہیں۔  میڈیکل ایمرجنسی کے ڈیٹا سے ظاہر ہوتا ہے کہ فی الوقت لوگ ہسپتالوں سے دور رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں جوکہ اس وقت تک کیلئے درست ہے جب تک کہ آپ کو خود اپنی زندگی بچانے کیلئے علاج اور تشخیص کی ضرورت نہ ہو، انگلینڈ اور اسکاٹ لینڈ کے تازہ ترین اعدادوشمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں ایمرجنسی میں مریضوں کی آمدکی شرح میں ایک تہائی کمی ہوگئی ہے۔ این ایچ ایس کے فالج سے متعلق نیشنل کلینیکل ڈائریکٹر وائرل یونیورسٹی ٹیچنگ ہسپتال میں فالج سے متعلق معالج اور کنسلٹنٹ ڈاکٹر ڈیب لووے کا کہنا ہے کہ ہمارے ہسپتالوں فالج کے مریضوں کے علاج معالجے کیلئے تمام ضروری آلات اور سہولتیں موجود ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ این ایچ ایس کے تمام ہسپتالوں میں کورونا وائرس سے بحفاظت نمٹنے کیلئے ایمرجنسی میں کی جانے والی تبدیلیوں کے سبب اب علاج کیلئے مریض کیلئے ہسپتال تک کا سفر کچھ مختلف ہوسکتا ہے لیکن یہ انتظامات مریضوں او ر عملے کے تحفظ کے پیش نظر کئے گئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ فالج کا حملہ ہوتے ہی 999 پر ڈائل کیا جائے۔ اسٹروک ایسوسی ایشن کی چیف ایگزیکٹو جولیٹ بائوویر نے کہا کہ لوگوں کو فالج کی علامات کو نظر انداز نہیں کرنا چاہئے اور اسے مذاق سمجھ کر نہیں اڑا دینا چاہئے، فالج کی فوری نظر آنے والی علامات میں دیکھیں کہ کیا چہرہ ایک طرف ڈھلک رہا ہے، کیامریض مسکرا سکتا ہے، کیا وہ اپنے دونوں ہاتھ اٹھا سکتا ہے اور ان کو وہیں روکے رہ سکتا ہے، کیا اس کے بولنے میں لکنت تو نہیں ہے، اگر آپ کو ان میں سے کوئی بھی علامت نظر آئے تو فوری ایمبولینس بلائیں، فالج کی معمولی علامات اس بات کا اشارہ ہے کہ بڑا حملہ ہونے والا ہے۔ اس لئے آپ ان علامات کو نظر انداز نہ کریں۔ برٹش ایسوسی ایشن آف اسٹروک فزیشنز کے پروفیسر رستم الشاہی سلمان کا کہنا ہے کہ اگر چہ کورونا وائرس کی وجہ سے لوگوں میں دوریاں ہیں لیکن فیملی کے ارکان اور دوست فون پر یا ویڈیو پر فوری طورپر کورونا وائرس اور فالج کی علامات کا اندازہ لگا سکتے ہیں، اگر آپ کورونا کا شکار ہیں اور فالج کا حملہ بھی ہوگیا ہے تو فوری 999 پر کال کریں۔
تازہ ترین