• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دیہاڑی داروں کے گھروں میں نوبت فاقوں تک آگئی، عائشہ سید

اراولپنڈی(نیو ز رپورٹر) ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی حلقہ خواتین پاکستان اور سابقہ ممبر قومی اسمبلی عائشہ سید نے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے عوام کیلئے مسلسل ریلیف پیکیجز کا اعلان ہورہا ہے مگر عمل درآمد کہیں نظر نہیں آرہا۔ روزانہ کی بنیاد پر کام کرنے والے مزدور،ریڑھی بان اور دیہاڑی داروں کے گھروں میں فاقوں کی نوبت آگئی ہے۔ اس وقت جبکہ ہر طرح کے کاروبار زندگی ٹھپ پڑے ہیں لیکن مہنگائی ہے کہ آسمان سے باتیں کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومتی رٹ کہیں نظر نہیں آ رہی۔آٹا اور چینی جیسی بنیادی چیزیں پہلے تو ناپید ہیں اور اگر ہیں تو حکومتی ریٹ سے بہت مہنگی بیچی جا رہی ہیں۔ آٹا اور چینی کے بحرانوں کے ذمہ داران حکومت کی گود میں بیٹھے ہیں۔ حکومت صرف نشاندہی نہ کرے بلکہ آپریشن کلین اپ کرےتاکہ کرپٹ مافیا عبرت پکڑے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے کارکن اور الخدمت کے رضاکار اس کڑے وقت میں شہر شہر گاؤں گاؤں جا کر مستحقین کی مدد کر رہے ہیں۔ انہوں نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ اپنے ارد گرد رہنے والوں اور غریب اور نادار لوگوں کے چولہا جلانے میں ان کی مدد کریں ۔
تازہ ترین