• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غریبوں کو نقد رقوم کی ادائیگی جاری، بے روزگار افراد کو 10 ارب درخت لگانے کی مہم کا حصہ بنائیں گے، عمران خان

اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اسٹیٹ بنک نے کاروباری طبقے کیلئے مراعات کا اعلان کیا ہے، مراعات کا مقصدلاک ڈاؤن اورمتاثرین کی ضروریات پوری کرنے کے درمیان توازن ہے۔

احساس ہنگامی کیش پروگرام میں غریب طبقے کو ہنگامی صورتحال میں نقد رقوم تقسیم کی جا رہی ہیں، روزگار سے محروم ہونے والے یومیہ پر کام کرنے والوں کو حکومت 10 ارب درخت لگانے کی بڑی مہم کا حصہ بنا رہی ہے۔

تعمیرات اور زراعت کے شعبے کھولے جا رہے ہیں، عالمی وباء سے پیدا صورتحال میں معیشت کی بحالی کیلئے پرعزم ہیں ، چھوٹے طبقے ،چھوٹے کاروبار کی مدد کیلئے سہ جہتی حکمت عملی متعارف کروائی گئی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے مختلف ٹوئٹس میں کیا ۔ 

انہوں نے کہا کہ کاروباری طبقے کیلئے ٹیکس میں چھوٹ جیسے مراعاتی پیکج لا رہے ہیں، تعمیرات اور زرعی شعبے بھی کھولے جا رہے ہیں، کاروباری طبقے کیلئے مراعات کے اعلان سے کاروبار کو فروغ ملے گا، اسٹیٹ بنک کے اقدامات سے بیروزگاری پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ 

انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت غریب طبقے کو ہنگامی صورتحال میں نقد رقوم کی تقسیم جا رہی ہیں جبکہ کاروباری طبقے کیلئے ٹیکس ری فنڈز کے ساتھ مراعات دی جا رہی ہیں اور تعمیرات اور زراعت کے شعبے کھولے جا رہے ہیں۔ 

وزیراعظم نے کہا کہ کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال کے دوران کاروباری طبقے کے لئے اسٹیٹ بینک کے اقدامات سے کاروبار کو فروغ دینے اور بڑے پیمانے پر بے روزگاری کو روکنے میں مدد ملے گی۔

تازہ ترین