فرانس میں کوروناوائرس سے مجموعی طور پر 14ہزار اموات ہو چکی ہیں جبکہ فرانس میں لاک ڈاؤن پر سختی سے عملدرآمد کے باعث نئے مریضوں کی تعداد میں کمی آنا شروع ہو گئی ہے۔
گزشتہ روز ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ہیلتھ (ڈی جی ایس) کی طرف سے منظر عام پر لانے والی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس نے فرانس میں تقریبا 14،000 افراد کو ہلاک کیا ہے۔ یکم مارچ سے فرانس میں کورونا وائرس سے وابستہ 13،832 اموات ریکارڈ کی گئیں۔
ان میں اسپتالوں میں 8،943 اور نرسنگ ہومز اور دیگر طبی معاشرتی اداروں میں 4،889 افراد شامل ہیں جبکہ تشویشناک کیسز کی اب کل تعداد 6،883 ہے۔
اس وبائی صورتحال کے دوران فرانس میں مقیم پاکستانیوں میں 17 افراد کورونا وائرس اور طبعی طور پر وفات پا چکے ہیں جن میں چار خواتین شامل ہیں۔
پاکستان قومی ائیر لائن "پی آئی اے " فرانس کے ہیڈ وقار ملک کی کوششوں سے آج دو نوجوانوں کی ڈیتھ باڈی پاکستان بھجوائی جارہی ہیں ان دونوں کی اموات طبعی طور پر ہوئی ہے۔
فرانس میں اس وبائی مریض کی صورت حال کے پیش نظر فضائی آپریشن کی بندش کے باعث جاں بحق ہونے والے پاکستانی مزدوروں کو ادارہ منہاج القران فرانس کی کوششوں اور کاوشوں سے خصوصی طور پر قاضی ہارون میونسپل کونسلر اور صوفی نیاز محمد کے بھر پور تعاون سے دفن بھی کر دیا گیا ہے۔