پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کے معروف اداکار عدنان جعفر نے معروف امریکی ٹی وی سیریز ’ہوم لینڈ ‘ میں پاکستانی آفیسر کا کردار ادا کر کے پاکستانی شائقین کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کردیا۔
پاکستانی نژاد امریکی یا برطانوی اداکاروں کو تو ہم ہالی ووڈ پروڈکشن میں دیکھتے ہی رہتے ہیں لیکن پاکستان کے مقامی باشندے کا ایک معروف ٹی وی سیریز میں کاسٹ ہوجانا قوم کے لیے باعث فخر ہے۔
اداکار عدنان جعفر کا نام بھی ان چند ایک لوگوں میں شامل ہے جو امریکی سیریز کی کاسٹ میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے اور اپنی جاندار اداکاری سے انگریزوں کو بھی مات دے دی۔
رواں سال فروری میں شروع ہونے والے ہوم لینڈ کے آٹھویں اور آخری سیزن کی نویں قسط بعنوان ’اِن فُل فلائٹ‘ نے پاکستانی شائقین کو اس وقت حیرت میں مبتلا کردیا کہ جب انہوں نے اپنی پسندیدہ ٹی وی سیریز میں پاکستانی آفیسر کا کردار عدنان جعفر کو نبھاتے دیکھا۔
امریکی ٹی وی سیریز ’ہوم لینڈ ‘ میں عدنان جعفر کا کردار اگرچہ ایک مختصر سا کردار ہے لیکن پاکستانی شائقین کے لیے پاکستانی اداکار کو امریکی سیریز میں دیکھنا باعث مسرت ہے۔
اس حوالے سے عدنان جعفر کا کہنا تھا کہ انہیں فخر ہے کہ پاکستانی آفیسر کا کردار ایک پاکستانی نے ادا کیا ورنہ عموماً ہالی ووڈ میں یہ کردار بھارتی اداکاروں کو مل جاتے ہیں کیونکہ ان کے وہاں بہتر تعلقات ہیں۔
یاد رہے کہ مقبول امریکی ٹی وی سیریز ’ہوم لینڈ‘ کا آغاز اکتوبر 2011 میں ہوا تھا، جس کی مرکزی کردار کیری متھیسن ایک سی آئی اے کی اہلکار ہیں جو مختلف مشن پر کام کرتی ہیں۔
کیری متھیسن کا کردار امریکی اداکارہ کلیئر ڈینز ادا کر رہی ہیں۔
عدنان جعفر کون ہیں؟
عدنان جعفر پاکستان کی ٹی وی اور فلم انڈسٹری کا ایک معروف نام ہیں جو مختصر عرصے میں اپنی اداکاری کی صلاحیتوں سے شوبز انڈسٹری میں نام بنانے میں کامیاب رہے۔
عدنان جعفر پاکستانی فلم منٹو، جلیبی، پرواز ہے جنون، پروجیکٹ غازی، پنکی میم صاحب سمیت کئی پاکستانی فلموں اور ڈراموں میں مختلف کردار ادا کرچکے ہیں۔
جیو فلمز اور ہمدان فلمز کے اشتراک سے بننے والی ٹیلی فلم ’لعل‘میں بھی عدنان ایک ملٹری آفسیر کا کردار ادا کرچکے ہیں۔
نجی چینل سے نشر ہونے والے ڈرامے ’رسوائی‘ میں عدنان ڈاکٹر فیروز کا کردار نبھا رہے ہیں جسے مداحوں کی جانب سے بے حد پزیرائی مل رہی ہے۔