معروف سرچ انجن گوگل نے اپنا ڈوڈل دنیا بھر میں کورونا وائرس سے لڑتے پیکیجنگ ، شپنگ اور ترسیل کے کارکنان کے نام کردیا، اپنے ڈوڈل میں گوگل نےتمام کارکنان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
گوگل نے اپنے ڈوڈل کے ذریعےکورونا وائرس کے خلاف جنگ لڑنے والے تمام تر لوگوں کا شکریہ ادا کرنے کے لیے ایک ’موونگ ایڈ‘ سیریز کا سلسلہ شروع کیا ہے۔
دو ہفتے کے دورانیے پر مختص گوگل ڈوڈل سیریز میں ڈاکٹرز سے لے کر فرنٹ لائن پر کام کرنے والی نرسز، اسٹاف، استاد، سماجی کارکنان اور فوڈ سروس ورکرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا جارہا ہے۔
آج گوگل نے اپنے ڈوڈل میں سامان ترسیل کرنے کی گاڑی میں گوگل کا آخری حروف ’ای‘ بیٹھا ہوا ہے جبکہ پہلا حروف ’جی‘ بھی ایک پارسل تھامے ہوا ہے۔
گوگل کے ڈوڈل پر پیکیجنگ، شپنگ اور ترسیل کے کارکنان کے لیے محبت بھرے دل کا نشان جگمگا رہا ہے، ڈوڈل کا پیغام ہے تمام پیکیجنگ، شپنگ اور ترسیل کے کارکنان کا شکریہ۔
عام طور پر گوگل کا ڈوڈل تاریخی واقعات، تقریبات، مشہور شخصیات کی پیدائش اور اموات کے دن پر انہیں یاد کرنے کے لیے جانا جاتا ہے۔