وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے چین کے وزیر خارجہ وانگ یی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔
اس موقع پر دونوں وزرائے خارجہ کے مابین کورونا وائرس کی صورتحال کے ساتھ ساتھ علاقائی اور باہمی دلچسپی کےامور پر تبادلہ خیال کیا ۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چینی وزیرخارجہ سے بات چیت کے دوران کا کہا کہ کورونا وائرس نے عالمی معیشت کو بری طرح متاثر کیا ہے، وزیر اعظم نے ترقی پذیر ممالک کے واجب الادا قرضوں کی ری اسٹرکچرنگ کی تجویز دی ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ جی 20 فورم کی طرف سے واجب الادا قرضوں میں سہولت کے معاملے کو زیر غور لانا قابلِ تحسین ہے، انہوں نے مزید کہا کہ قرضوں کی ادائیگی میں سہولت کے دائرہ کار کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان سمیت ترقی پذیر ممالک قرضوں کے بوجھ تلےدبے ہوئے ہیں، تمام ترقی پذیر ممالک اس سے استفادہ کر سکیں گے، وزیرخارجہ نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک کی معاشی بحالی کیلئے نئے جامع معاشی پلان کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر کورونا سے نبرد آزما ہونے کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے سے متعلق مشاورت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔