• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جامعات کا کا م معاشرے کو باصلاحیت افراد کی فراہمی ہے‘مشتاق احمد غنی

پشاور(خبر نگار خصوصی ) وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اعلیٰ تعلیم و اطلاعات مشتاق احمد غنی نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت جامعات میں تعلیم و تحقیق کے فروغ کے لئےمناسب اقدامات اٹھا رہی ہے تحقیق کے شعبے میں کامیابیاں حاصل کئے بغیر ملکی ترقی و خوشحالی کا حصول نا ممکن ہے جامعات کا کا م محض ڈگریاں جاری کرنا نہیں بلکہ معاشرے کو باصلاحیت افراد کی فراہمی ہے۔ وہ گزشتہ روز اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاور میں تحقیق کی ضرورت اور اہمیت کے حوالےسے منعقدہ سیمینار سے بطورمہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔ ان کا کہنا تھا صوبائی حکومت نے تحقیق کی ضرورت کے پیش نظر ایم فل ‘پی ایچ ڈی طلبہ کے لئے 5سوملین روپے کا سکالر شپ فنڈ متعارف کرایا ہےاس کے علاوہ نوجوان محققین کیلئے980 ملین روپےکی لاگت سے Center for Interdiciplinary Research in Materialsقائم کیاجا رہاہےمذکورہ سنٹر خطے میں اپنی نوعیت کا پہلا منفردسنٹر ہو گا جس سے نہ صرف طلبہ اور اساتذہ کو تحقیق کے شعبہ میں مدد حاصل ہو گی بلکہ اس سے سالانہ فیکلٹی ڈیویلپمنٹ پروگرام کے تحت سکالر شپس کی مد میں خرچ کی جانے والی رقم کی بچت بھی ممکن ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ عصرحاضر میں وہی قومیں اپنا وجود برقرار رکھ سکیں گی جو اپنے قدرتی اور فنی وسائل کا درست استعمال جانتی ہوں اور ان وسائل کا استعمال بغیر کسی جامع تحقیق کے ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحقیقی کلچر کو فروغ دے کر جامعات نہ صرف اپنے مالی وسائل خود پیدا کر سکتی ہیں بلکہ اس سے طلبہ کی معاشی حالت بھی بہتر ہو سکتی ہے۔مشتاق غنی نے کہا کہ دور حاضر کا تقاضا ہے کہ صنعتوںکو جدید سائنسی بنیادوں پر استوار کرنا وقت کا تقاضا ہے اس ضمن میں صوبہ کی تاریخ میں پہلی بار صوبائی حکومت نے آسٹریا کی پانچ یونیورسٹیوں کے ساتھ ٹیکنکل ایجوکیشن کے شعبے میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئےگئے ہیں جس کے مطابق آسٹریا کے ماہرین کی خدمات سے خیبر پختونخوا کی جامعات کو مستفیدکیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے صوبے کی جامعات میں داخلوں سے لیکر بھرتیوں تک کے عمل میں سیاسی مداخلت کا مکمل خاتمہ دیا ہے یونیورسٹیز آردینینس کے تحت یونیوسٹیوں میں 100فیصد میرٹ پر اکیڈیمک سرچ کمیٹی کے تحت وائس چانسلرز کی تعیناتی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر اسلامیہ کالج اجمل خان نے انہیں سونئیر پیش کیا۔
تازہ ترین