صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے گلہ کرنے پر جائزہ لینے ملتان پہنچ گئی۔
یاسمین راشد نے ملتان سرکٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےبتایا کہ وہ وزیر خارجہ کے تحفظات دور کرنے ملتان آئی ہیں، انہوں نے بتایا کہ جی ٹی روڈ کورونا وائرس سے متعلق ہمارا ہاٹ اسپاٹ ہے۔
واضح رہے کہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ملتان میں ڈاکٹرز سے پتا چلا کہ انہیں ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ پنجاب سےسپورٹ نہیں ملی۔
انہوں نے بتایا کہ نشتر اسپتال سے وینٹی لیٹر لے کر کہیں اور منتقل نہیں کئے گئے، ڈاکٹرز کو این 95 ماسک دے دیے گئے ہیں، ایک این 95 ماسک سے ایک ہفتہ گزارا ہوجاتا ہے۔
یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ ہر ڈاکٹر کو این 95 ماسک دیا گیا ہے، ہر ہفتہ یہ تبدیل کیاجاتا ہے، 3ہزار800 ڈاکٹرز اور طبی عملے کے کورونا ٹیسٹ کرنے ہیں۔
انہوں نے شاہ محمود قریشی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ شاہ صاحب نے لیب میں بہتری نہ لانے کی بات کی لیکن ملتان میں 3608 ٹیسٹ کئے گئے۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 4227 ہے۔ جنوبی پنجاب میں کورونا کے 183مریض صحتیاب ہو چکے ہیں جبکہ 19مریضوں کی حالت نازک ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ اس ہفتے کے آخر تک روزانہ 5 ہزار ٹیسٹ کی صلاحیت حاصل ہوجائے گی، پنجاب میں 140 چھوٹے بڑے علاقوں میں مکمل لاک ڈاؤن کیا ہوا ہے۔