• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے 237 طلباء کے کورونا نتائج منفی آئے ہیں، مرتضیٰ وہاب

ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے سندھ میں مقیم گلگت بلتستان کے 261 طلباء کے کورونا ٹیسٹ سے متعلق اپنے بیان میں کہا کہ گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے 237 طلبا کے نتائج منفی آئے ہیں۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ 237 طلباء کو آج رپورٹ کے ساتھ اُن کے آبائی علاقوں میں روانہ کردیا جائےگا۔

اُنہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے گلگت واپس جانے والے تمام طلباء کے کورونا ٹیسٹ کروانے کافیصلہ کیا تھا۔

ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ کورنگی اور شاہ فیصل کالونی میں گلگت بلتستان کے طلباء کے لیےخصوصی کیمپ بھی قائم کیا گیا تھا۔

اُنہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے گلگت بلتستان واپس جانے کے خواہشمند طلباء کے مفت ٹیسٹ کیے ہیں۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی کے تعلیمی اداروں میں زیرِ تعلیم گلگت کے 261 طلبا نے رجسٹریشن کرائی تھی، اِن کے علاوہ مزید طلباء کے بھی مرحلہ وار ٹیسٹ کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ تین روز قبل ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ سندھ میں زیرِ تعلیم گلگت کے 2570 طلباء کے واپسی سے قبل مفت کورونا ٹیسٹ کیے جائیں گے اور اُن کو این او سی جاری کرکے واپس اُن کے آبائی علاقوں میں روانہ کیا جائے گا۔

تازہ ترین