• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعظم سے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی ملاقات

وزیر اعظم عمران خان سے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ملاقات کی، ملاقات میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال اور وبا کی روک تھام کیلئے حکومتی اقدامات پر بات چیت کی۔

اسپیکر اسد قیصر نے کورونا وائرس کی وبا کی روک تھام کیلئے اٹھائے گئے حکومتی اقدامات کو سراہا اور وزیراعظم کو پارلیمانی سطح پر کورونا کی وبا پرقابو پانے سے متعلق اقدامات سے آگاہ کیا۔

اسد قیصر کا کہنا تھا کہ حکومت کے بروقت اقدامات سے دیگر ممالک کے مقابلے میں پاکستان میں کورونا کی شدت کم ہے

وزیر اعظم سے بات چیت کرتے ہوئے اسد قیصر کا کہنا تھا کہ پارلیمانی لیڈروں پرمشتمل خصوصی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، خصوصی کمیٹی میں پارلیمانی لیڈروں نے وبا پر قابو پانے کیلئے مثبت تجاویز دی ہیں۔

اسپیکر نے وزیراعظم کو قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے سے متلعق امور سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ فخر امام کی سربراہی میں تمام پارلیمانی جماعتوں پر مشتمل کمیٹی بنادی ہے۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کمیٹی اجلاس بلانے سے متعلق مشاورت کر رہی ہے۔

ملاقات کے دوران وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پارلیمان قوم کی اجتماعی سوچ کی عکاس ہے، کورونا وائرس کی وبا پر قابو پانے کیلئے پارلیمان کا کردار انتہائی اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمانی سطح پر کیے جانے والوں فیصلوں پرعملدرآمد کرنا اولین ترجیح ہے، ملاقات کے دوران وزیراعظم نے اسپیکر کی جانب سے تشکیل دی گئی فنکشنل کمیٹی کے اقدامات کو سراہا۔

عمران خان نے بتایا کہ حکومت ملک سے کورونا وائرس کے خاتمے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے، ہمیں بحیثیت قوم اس وبا کا مقابلہ کرنا ہے۔

اسپیکر نے وزیراعظم کی طرف سے قائم کیے گئے کورونا ریلیف فنڈ کو قومی سطح پر پذیرائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریلیف فنڈ میں پاکستانی قوم کی بھرپور شرکت وزیراعظم پر اعتماد کا اظہار ہے۔

تازہ ترین