• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ میں کورونا انفیکشن ریٹ کم ہو گیا، مراد علی شاہ


وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ میں کورونا انفیکشن ریٹ 11 اور 12 سے کم ہوکر 8.15 فیصد ہوا ہے، جو اچھی بات ہے۔

سندھ حکومت نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے کل 4112 ٹیسٹ کیے جس کے نتیجے میں 335 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کی صورتحال سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 5291 ہوگئی ہے جبکہ صوبے بھر میں اس وقت کورونا کے 4236 مریض زیرعلاج ہیں۔ آج کورونا کے 4112 ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ آج 37 مریض صحتیاب ہوکر اپنے گھروں کو چلے گئےہیں، کورونا سے صحتیاب ہونے والے کُل مریضوں کی تعداد 963 ہوگئی ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 7 مریض جان کی بازی ہار گئے ہیں جبکہ کورونا کے باعث انتقال کرنے والوں کی تعداد 92 ہوگئی ہے، جو کل مریضوں کا 1.73 فیصد ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کورونا کے 2915 مریض گھروں میں آئیسولیٹ ہیں، 872 مریض آئسولیشن سینٹرز اور449 اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

مراد علی شاہ کے مطابق کورونا کے 35 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 13 وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

سب سے زیادہ 258کورونا کے نئے مریض کراچی میں رپورٹ ہوئےہیں۔ضلع جنوبی کراچی میں 89، ضلع شرقی میں 53 اور ضلع وسطی میں 43 ، ضلع غربی میں 24، کورنگی میں 28 اور ملیر میں 21 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

دوسری جانب حیدرآباد میں 17، جیکب آباد میں 10، سکھر اور شکارپور میں 7-7 کورونا کے مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔

اس کے علاوہ شہید بینظیرآباد اور ٹنڈو محمد خان میں 6-6، لاڑکانہ اور سانگھڑ میں 5-5، دادو میں 3 اور نوشہروفیروز میں ایک مریض رپورٹ ہوا ہے۔

تازہ ترین