• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رشی کپور کو مرنے سے قبل پاکستان آنے کی خواہش کیوں تھی؟


بالی ووڈ کے معروف اداکار رشی کپور دل میں پاکستان کے دورے کی خواہش لیے چل بسے، سوشل میڈیا پر فعال رہنے والے رشی کپور نے اپنے ایک ٹوئٹ میں پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ مرنے سے قبل پاکستان کا دورہ کرناچاہتے ہیں۔

کئی دہائیوں سے بھارتی فلم انڈسٹری پر راج کرنے والے رشی کپور اپنے سوشل میڈیا پیغامات میں متعدد بار پاکستان اور پاکستان کے لوگوں کی تعریف کرتے نظر آئے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر 17 نومبر 2017 کو کئے گئے اپنے ایک ٹوئٹ میں رشی کپور کا کہنا تھا کہ ان کی عمر 65 سال ہوچکی ہے، مرنے سے قبل وہ پاکستان کا دورہ کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی لکھا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ان کے بچے اپنی جڑوں کو دیکھیں۔ انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ فاروق عبداللّہ سے درخواست کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی یہ خواہش کسی طرح پوری کروادی جائے۔

رشی کپور کے اجداد کا گھر پشاور میں ہے جو 1918 اور 1922 کے درمیان فلمی صنعت میں داخل ہونے والے خاندان کے پہلے شخص پرتھوی راج کپور کے والد دیوان بشسوار ناتھ کپور نے تعمیر کرایا تھا۔

1947 میں ہندوستان کی تقسیم کے بعد کپور خاندان بھارت ہجرت کر گیا تھا۔

رشی کپور کی جانب سے یہ ٹوئٹ ایک ایسے موقع پر سامنے آیا تھا کہ جب مقبوضہ جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ فاروق عبداللہ نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ اسلام آباد کے زیر انتظام کشمیر کا حصہ پاکستان کے ساتھ ہی رہے گا اور یہ بدلنے والا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کو مزید خودمختاری اور آزادی کے متوالوں پر سختی کی ضرورت ہے۔

اس بیان پر ردعمل دیتے ہوئے رشی کپور نے اپنی خواہش کا اظہار کیا اور لکھا کہ عبداللہ جی، سلام، آپ کے ساتھ بالکل متفق ہوں۔ یہ ہی واحد راستہ ہے جس کے ذریعے ہم اپنے مسئلے حل کرسکتے ہیں۔

علاوہ ازیں وہ پشاور سے تعلق پر فخر کرتے رہے ہیں اور اپنے انٹرویوز میں اس بات کو بیان بھی کرتے رہے ہیں، رشی کپور کو اس بات کا افسوس بھی رہا ہے کہ مخلتف تنازعات کے باعث وہ  اپنے آباء و اجداد کی جگہ نہیں دیکھ سکتے اور پاکستان نہیں جاسکتے۔

رشی کپور اپنے ٹوئٹر پر ایک یادگار تصویر بھی شیئر کرچکے ہیں، جس میں وہ اور رنبیر کپور پاکستانی لیجنڈ گلوگار نصرت فتح علی خان سے ملے تھے۔

20 جنوری 1980 کو ہونے والی رشی کپور کی شادی کی تقریب میں نصرت فتح علی خان نے  اپنے والد فتح علی کے ہمراہ پرفارم کیا تھا، جس کی تصویر رشی کپور خود شیئر کرچکے ہیں۔

یاد رہے کہ بھارتی اداکار رشی کپور 1990 میں فلم ’حنا‘ کی شوٹنگ کے لیے پاکستان آئے تھے اور اس موقع پر انہیں پاکستان میں بے انتہا محبت ملی تھی اور ان کی خوب آؤ بھگت کی گئی تھی۔ 1990 میں وہ اپنے آبائی شہر پشاور بھی گئے تھے۔

تازہ ترین