وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت محنت کشوں کے لیے کام کے ماحول، ان کی زندگی کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے پر عزم ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے ’یوم مزدور‘ کے حوالے سے پیغام میں کہا کہ کورونا کے باعث صحت کے سنگین مسائل کے ساتھ ساتھ مزدوروں کی مشکلات بھی بڑھ گئی ہیں، سب سے زیادہ روزانہ اُجرت پر کام کرنے والے متاثر ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس صورتحال میں حکومت نے بڑا مالی پیکیج دیا ہے، مزدوروں اور محنت کشوں کے لیے 200 ارب روپے مختص کیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: صدرِ مملکت کا محنت کشوں کے عالمی دن پر پیغام
وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت نے پیشہ ورانہ تربیت اور ہنر کی فراہمی کے پروگرام شروع کیے ہیں، کسی بھی ملک کی معاشی ترقی میں ورکرز کا کردار بہت اہم ہے۔
اُن کا کہنا ہے کہ ترقی کے ثمرات کو معاشرے کے تمام طبقات کی خوشحالی میں بدلنے کے لیے پرعزم ہیں، یہ دن ہمیں ان محنت کشوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے اپنے حقوق کے لیے جانیں قربان کیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ دن محنت کےتقدس، ملکی اقتصادی نموکے لیے محنت کشوں کی اہمیت کےاعتراف کی علامت ہے ۔
یہ بھی پڑھیے: کورونا کے باعث یومِ مزدور سادگی سے منا رہے ہیں، عثمان بزدار
وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہمارا مذہب سماجی انصاف کے اُصولوں اور لوگوں کے حقوق کے احترام کا درس دیتا ہے، مزدوروں کے حقوق کو تسلیم کرنا ترقی کے عمل کے لیے بہت اہم ہے۔