• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عرفان خان کے اکاؤنٹ سے ایک پوسٹ سامنے آگئی

تین روز قبل دنیا سے رخصت ہونے والے بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار عرفان خان کے اکاؤنٹ سے ایک پوسٹ سامنے آئی ہے جو ان کی اہلیہ نے پوری فیملی کی جانب سے شیئر کی ہے۔ 


اس پوسٹ کا عنوان ہے ’منجانب سُتاپا ، بابیل اور ایان‘ ۔

عرفان خان کے اہل خانہ کی جانب سے شیئر کی گئی پوسٹ میں لکھا گیا ہے کہ ’میں کیسے اس تحریر کو ایک ’فیملی کا بیان ‘ کہہ دوں جبکہ پوری دنیا ہی عرفان خان کی موت کو ’ذاتی نقصان‘ قرار دے رہی ہے اور میں کیسے خود کو تنہا محسوس کروں جبکہ لاکھوں لوگ ہمارے ساتھ اس غم میں برابر کے شریک ہیں۔‘

عرفان خان کی اہلیہ کا  کہنا تھا کہ وہ سب کو یہ یقین دلانا چاہتی ہیں کہ یہ نقصان نہیں ہے بلکہ حاصل ہے، حاصل ان چیزوں کا جو وہ ہمیں سِکھا کے گئے اور اب ہمیں ان پر عمل درآمد کرنا ہے۔


ستاپا نے پوسٹ میں اس بات کا شکوہ بھی کیا کہ ’عرفان خان نے مجھے بگاڑ دیا ہے، ان کی ہر چیز ’ پرفیکٹ‘ کرنے کی کوشش کی عادت اب مجھے کسی مقام پر اطمینان نہیں دلاتی۔‘


انہوں نے اپنی ازدواجی زندگی کے بارے میں لکھا کہ’ ہماری شادی، شادی نہیں ایک یونین تھا اور  ہماری زندگی اداکاری کی ماسٹر کلاس تھی، میں نے ڈاکٹرز کی رپورٹس کو بھی اسکرپٹ کی طرح پڑھا تاکہ عرفان اس میں بھی پرفیکٹ پرفارمنس دیں۔‘

انہوں نےعرفان خان کا علاج کرنے والے تمام ڈاکٹرز کا نام لے کر ان کا  شکریہ ادا کیا۔

عرفان خان کی بیماری سمیت ان کے ساتھ گزارے دیگر خوشی و غم کے لمحات کو یاد کرتے ہوئے سُتاپا نے ان کیفیات کو ناقابلِ بیان قرار دیا ۔

انہوں نے لکھا کہ’میں نے اپنی فیملی ایک کشتی میں سوار دیکھی جس میں میرے دونوں بیٹے اور عرفان سوار ہیں، اور عرفان راستہ سُجھانے میں ان کی رہنمائی کررہے ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ جب وہ اپنے بچوں سے پوچھتی ہیں کہ انہیں اپنے والد کی سکھائی گئی کوئی بات یاد ہے تو وہ بتاتے ہیں کہ والد  کہتے تھے کہ اپنے خیالات کو اپنے قابو میں رکھو تاکہ وہ تم پر قابض نہ ہوسکیں۔

یاد رہے کہ عرفان خان اور ستاپا کی شادی 24 سال قبل 1995 میں ہوئی تھی جس سے ان کے دو بیٹے 19 سالہ بابیل اور ایان ہیں۔

تازہ ترین