ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)بولی وڈ کے لیجنڈری اداکار رشی کپور کی موت کے بعد اُن کی اہلیہ نیتو سنگھ نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں ڈاکٹرز اور طبی عملے کا شکریہ ادا کردیا۔نیتو سنگھ نے انسٹاگرام پر اپنے پیغام کے ساتھ دو تصویریں شیئر کیں جس میں ایک تصویر رشی کپور کی ہے جبکہ دوسری تصویر میں رشی کپور کے ہمراہ اُن کی اہلیہ نیتو سنگھ بھی ہیں۔بھارتی اداکارہ نے اپنے پیغام میں لکھا کہ ’ایک فیملی ہونے کی حیثیت سے ہمیں اِس بات کا احساس ہے کہ رشی کپور کی موت ہمارے لئے ایک بڑا نقصان ہے۔اُنہوں نے لکھا کہ ’جب ہم پوری فیملی اِکٹھے بیٹھتے ہیں تو ماضی میں گُزرے چند مہینے یاد کرتے ہیں اور پھر ہمیں احساس ہوتا ہے کہ ہمیں اُس وقت کو یاد کرتے ہوئے بےحد شُکر گُزار ہونا چاہیے خاص طور پر این ایچ ریلائنس اسپتال کے ڈاکٹرز کا۔نیتو کپور نے لکھا کہ ڈاکٹر ترنگ گیانچندانی کی سربراہی میں اسپتال کے تمام ڈاکٹرز، نرسوں اور دیگر طبی عملے نے میرے شوہر کی ایسے دیکھ بھال کی کہ جیسے وہ ان کے اپنے ہوں۔بھارتی اداکارہ نے لکھا کہ وہ ہمیں ایسے مشورہ دیتے تھے کہ جیسے ہم اُن کے کوئی قریبی عزیز ہوں اور اِس کے لیے میں تہہ دِل سے تمام طبی عملے کی شُکر گُزار ہوں۔اِس سے قبل نیتو سنگھ نے سوشل میڈیا پر رشی کپور کے لیے الوداعی پیغام جاری کیا تھا۔اُنہوں نے اپنے پیغام میں لکھا تھا کہ ’ہماری کہانی کا اختتام ہوگیا۔یاد رہے کہ رشی کپور اور نیتو کی شادی 1980 میں ہوئی تھی اور اِس جوڑی نے ایک ساتھ 12فلموں میں بھی کام کیا ہے۔رشی کپور اور نیتو کپور کی ایک بیٹی اور ایک بیٹا ہے، اُن کی بڑی بیٹی ردھیما کپور ہیں جبکہ بیٹا بولی وڈ اداکار رنبیر کپور ہے۔دُنیا بھر میں مشہور بھارتی لیجنڈری اداکار رشی کپور نے گزشتہ ماہ 30 اپریل کی صبح ممبئی کے این ایچ رلائنس اسپتال میں زندگی کی آخری سانسیں لیں۔