پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ سجل علی کا اپنے شوہر احد رضا میر کے حوالے سے کہنا ہے کہ احد کی پُرکشش شخصیت کو خاکے میں قید کرنا کسی صورت آسان نہیں ہے۔
رواں سال مارچ کے مہینے میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والی سجل اور احد کی جوڑی کا شمار شوبز انڈسٹری کی خوبصورت اور کامیاب ترین جوڑیوں میں ہوتا ہے۔
شادی کے دو ماہ گزرنے کے بعد سجل کے سوشل میڈیا پیغامات سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ بھی شوہر کی پرکشش شخصیت کے سحر میں مبتلا ہوگئیں ہیں۔
سجل علی کی جانب سے انسٹاگرام پر احد رضا میر کا ایک خاکہ شیئر کیا گیا ہے جو انہوں نے خود تیار کیا ہے۔
سجل نے بتایا کہ وہ مزید فن سیکھنے کی کوشش کررہی ہیں، ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی لکھا کہ یقین کیجیئے کہ احد رضا میر کی خوبصورتی اور پرکشش شخصیت کو اس خاکے میں قید کرنا آسان نہیں ہے۔
اداکارہ نے مداحوں سے خاکے کے حوالے سے رائے مانگتے ہوئے پوچھا کہ اُن کا اس بارے میں کیا خیال ہے؟
واضح رہے کہ دنیا بھر میں تیزی سے پھیلتے جان لیوا کورونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کے پیش نظر لاک ڈاؤن جاری ہے اور لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں ۔
فارغ اوقات میں بہترین وقت گزاری کے لیے معروف شخصیات بھی اپنی دلچسپی کے مطابق کام سر انجام دیتے ہوئے سوشل میڈیا پر گاہے بگاہے اپنے مداحوں کے ساتھ شیئر بھی کررہی ہیں ۔