اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں پارٹی کی کورونا ریلیف کمیٹی کا ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس ہوا جس میں کمیٹی کے ارکان سلیم مانڈوی والا، نیئر بخاری، تاج حیدر اور چوہدری یاسین نے ریلیف کے کاموں سے متعلق آگاہ کیا، بلاول بھٹو نےکہا پیپلزپارٹی جمہوریت اور آئین کیخلاف سازش کاڈٹ کرمقابلہ کریگی ، پارٹی ریلیف کے کاموں کا دائرہ کار اضلاع کی سطح پر پھیلانے کی ہدایت کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے، حکومتوں کیساتھ ساتھ سب کو کردار ادا کرنا ہوگا، کمیٹی ارکان اضلاع کی سطح پر کورونا کے بارے میں عوامی آگاہی مہم شروع کریں، اس وقت دیہی علاقے کے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ آگاہی کی ضرورت ہے، آگاہی مہم کیلے پمفلٹس کی تقسیم اور سوشل میڈیا کا استعمال کیا جائے جبکہ لوگوں کوضروری حفاظتی سامان بھی مہیا کیا جائے، سستی روٹی پروگرام کے اچھے نتائج ملے ہیں، اسکا دائرہ کار وسیع کیا جائے۔