• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شیخو پورہ: بچوں کی لڑائی کا شاخسانہ، 8 افراد کا قتل


پنجاب کے ضلع شیخو پورہ میں بچوں کی لڑائی کو بنیاد بنا کر فائرنگ کر کے 8 افراد کو قتل کر دیا گیا، مقتولین کے حامیوں نے مخالفین کے گھروں پر پٹرول اور مٹی کا تیل چھڑک کر آگ لگا دی۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور آئی جی پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او شیخوپورہ سے رپورٹ طلب کر لی۔

پولیس کے مطابق کھاریاں میں حمزہ گروپ نے شان گروپ کے حامی 8 افراد کو فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا، واقعے میں 2 افراد زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق ان دونوں گروہوں کی پہلے سے دشمنی چلی آ رہی تھی اور ایک ماہ قبل بچوں کی لڑائی پر دونوں کے درمیان جھگڑا ہوا تھا۔

بچوں کی لڑائی کو بنیاد بنا کر حمزہ گروپ نے آج شان گروپ کے حامی 8 افراد کو کھیتوں میں گندم کی کٹائی کے دوران فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا۔

ہلاک ہونے والوں میں 2 عورتیں بھی شامل ہیں، واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔

یہ بھی پڑھیئے: بچوں کی لڑائی، بڑوں کے جھگڑے میں تبدیل

ڈی پی او شیخوپورہ کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، تاہم کوئی گرفتار نہیں ہو سکا۔

دوسری جانب 8 افراد کے قتل کا بدلہ لینے کے لیے مقتولین کے حامیوں نے مخالفین کے گھروں پر دھاوا بول دیا اور مخالفین کے گھروں پر پٹرول اور مٹی کا تیل چھڑک کر آگ لگا دی۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق امدادی ٹیمیں آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔

تازہ ترین