• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسد قیصر کا کورونا ٹیسٹ منفی آگیا


اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کورونا ٹیسٹ منفی آگیا، جس کے بعد انہیں گھر منتقل کر دیا گیا۔ 

اس حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بتایا کہ میری کورونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آگئی ہے۔

ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ میں اسپتال سے گھر منتقل ہوچکا ہوں، میرے بچوں کی رپورٹ کل تک آجائے گی۔ 

اسپیکر قومی اسمبلی نے اپنے لیے دعا کرنے والوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔ 

اس حوالے سے ترجمان اسمبلی سیکریٹریٹ کا کہنا تھا کہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو اسپتال سے اسپیکر ہاؤس منتقل کر دیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ اسد قیصر کو طبیعت بہتر ہونے پر اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اسپیکر قومی اسمبلی اسلام آباد کے نجی اسپتال میں داخل تھے، طبیعت میں بہتری پر اسپیکر دوبارہ سرکاری امور کی انجام دہی شروع کر دیں گے۔

واضح رہے کہ 30 اپریل کو اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

اس حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی تصدیق کی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ ’میرا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، میں نے خود کو اپنے گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔‘

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’میری پوری قوم سے درخواست ہے کہ وہ احتیاط کریں۔‘

اسپیکر قومی اسمبلی نے قوم سے ان صحتیابی کے لیے دعا کی درخواست بھی کی تھی۔


بعد ازاں 2 مئی کو اسپیکر قومی اسمبلی نے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے بتایا کہ وہ اور ان کے بچے تیزی سے صحت یاب ہورہے ہیں۔

صدر مملکت، وزیراعظم اور آرمی چیف سمیت دیگر اعلیٰ شخصیات نے ان کی عیادت کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی کو ٹیلی فون کیے اور ان سے خیریت دریافت کی تھی۔

تازہ ترین