• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہ سلمان مصر کے تاریخی دورے پر قاہرہ پہنچ گئے

Saudi King Salman Arrives In Cairo On Historical Trip
سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود جمعرات کو مصر کے اپنے پہلے دورے پر قاہرہ پہنچ گئے ، اس موقع پر مصری حکومت نے معزز مہمان کے استقبال کے لیے غیرمعمولی انتطامات کیے ۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مصر کی وزارت خارجہ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز، مصر کے صدر فیلڈ مارشل عبدالفتاح السیسی سے تفصیلی ملاقات کریں گے۔

شاہ سلمان کی مصری صدر کے ساتھ ہونے والی تفصیلی ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ، یمنی معاملات، شام، عراق، لبنان کی صورت حال اور عرب ملکوں میں ایرانی مداخلت زیرغور آئیں گے۔

ملاقات میں لیبیا کی بنتی بگڑتی سیاسی و سیکیورٹی صورت حال، مصر اور سعودی عرب کے درمیان تزویراتی اتحاد کو مزید منظم کرنے بالخصوص ’شمال کی گرج‘ مشقوں اور عسکری تعاون کے فروغ جیسے موضوعات پرتبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ایک سال پیشتر اقتدار سنبھالنے کے بعد شاہ سلمان کا مصر کا یہ پہلا دورہ ہے، شاہ سلمان کے دورہ مصر کے دوران قاہرہ اور ریاض کے درمیان دو طرفہ تعاون کے کئی معاہدوں کی منظوری بھی دی جائے گی۔

اسکے علاوہ دونوں ملکوں میں اسٹریٹیجک شراکت آگے بڑھانے پر بھی اتفاق کیا جائے گا،قبل ازیں مصری وزیر خارجہ سامح شکری نے قاہرہ میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کیا۔

مصری وزیر خارجہ نے کہا کہ شاہ سلمان کا دورہ نہایت اہم ہے، خلیج اورسعودی عرب کی قومی سلامتی مصر کی قومی سلامتی کا حصہ ہے۔
تازہ ترین