پشاور( کرائم رپورٹر) تھانہ سربند پولیس نے پشاورمیں سرگرم منظم ڈکیت اور رہزن گروہ کے سرغنہ سمیت چار ارکان کو گرفتار کر لیا ۔پشاور پولیس کے ترجمان کے مطابق دو مئی کو اچینی میرہ میں رہزنوں نے نجی کمپنی کے ملازم فواد خان سے اسلحہ کی نوک پر نقدی چھین لی تھی اور فرار ہو گئے تھے جس کا مقدمہ تھانہ سربند میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کرایا گیا تھا ۔ایس پی صدر ڈویژن عبد السلام خالد نے رہزنی کی واردات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی بڈھ بیر گران اللہ کی سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ سربند مثل خان پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دے کر ملوث ملزمان کو ٹریس کر کے گرفتار کرنے کا ٹاسک حوالہ کیا جنہوں نے جدید سائنسی خطوط پر تفتیش کا آغاز کرتے ہوئے متعدد جرائم پیشہ افراد کو شامل تفتیش کیا جس کے دوران واردات میں ملوث اصل ملزمان تک رسائی حاصل کرکے گزشتہ روز کامیاب کاروائی کے دوران خطرناک راہزن گروہ کے سرغنہ اور مرکزی ملزم حیات خان ولد عزت شاہ سکنہ افغانستان سمیت چار ملزمان رفیع اللہ ولد رحمان اللہ سکنہ شگئی ہندکیان، عثمان ولد نثار اور محاد ولد افتحار حسین ساکنان اچینی بالا کو گرفتار کر لیا، گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران راہزنی کے متعدد دیگر وارداتوں میں بھی ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا ہے جن کے قبضے سے چھینی گئی نقد رقم 85 ہزار روپے، واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ تین عدد پستول اور دو عدد موٹر سائیکل بھی برآمد کر لئے گئے ہیں، ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جس کے دوران ان سے مزید اہم اور سنسنی خیز انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے۔