• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صوبے میں 3 دن سخت لاک ڈاؤن ہوگا، محکمہ داخلہ سندھ

سندھ حکومت نے صوبے بھر میں آئندہ تین دنوں کے دوران سخت لاک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق صوبے میں جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو سخت لاک ڈاؤن ہوگا۔

حکومت سندھ کے مطابق جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو کاروباری سرگرمیاں بند رہیں گی۔

محکمہ داخلہ سندھ کے اعلامیے کے مطابق جمعے کو دوپہر 12 سے تین بجے تک ہر طرح کا کاروبار بند ہوگا۔

یہ پڑھیے: سندھ نے کورونا ڈیوٹی دینے والوں کے لیے الاؤنس کا اعلان

واضح رہے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کرتے ہوئے دو روز قبل کراچی میں تجارتی مراکز کھولنے کی اجازت دی گئی تھی، جس کے دوران کورونا وائرس سے متعلق احتیاطی تدابیر نظر انداز کی گئی تھیں۔

اس پر انتظامیہ کا بھی ردعمل سامنے آیا اور گذشتہ روز کی طرح آج  بھی طارق روڈ اور لائنز ایریا سمیت مختلف علاقوں میں کئی مارکیٹیں اور دکانیں سیل کردی گئیں۔

یہ بھی پڑھیے: کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، ایس آئی یو ٹی

لاک ڈاؤن میں نرمی کے تیسرے روز بازاروں میں عوام کا بے پناہ رش رہا، جبکہ سڑکوں پر ٹریفک بھی بہت زیادہ تھی۔

لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد صبح 6 سے دوپہر 12 بجے تک تو معاملہ قابو میں رہتا ہے، لیکن اس کے بعد عید کی خریداری کا بے قابو جن بوتل سے باہر آجاتا ہے۔

پھر ماسک، دستانے، سینیٹائزر اور باہمی فاصلے سمیت حکومت کی ہر ہدایت پیچھے رہ جاتی ہے اور لوگ بیوی بچوں سمیت آگے کو نکل پڑتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: سندھ میں 6 متعدی امراض اسپتال بنانے کا فیصلہ

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کورونا وائرس سے متعلق اعداد و شمار بتاتے ہوئے کہا کہ صوبے بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 9 مزید لوگ جان کی بازی ہار گئے ہیں، جس کے بعد اموات کی 234 ہوگئی ہے

وزیراعلیٰ سندھ کے کورونا وائرس کی صورتحال سے متعلق بیان میں کہنا تھا کہ آج صوبے بھر میں 758 نئے کیسز ظاہر ہوئے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 4408 ٹیسٹ کیے گئے، ان ٹیسٹ کے نتیجے میں 758 نئے کیسز سامنے آئے جو ٹیسٹ کا 17 فیصد ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب تک سندھ بھر میں 107827 ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں، جس میں سے14099 کورونا کے مریض سامنے آئے ہیں۔

تازہ ترین