سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس میں مبتلا ہو کر مزید 4 افراد دم توڑ گئے۔
جس کے بعد حیدرآباد میں کورونا وائرس میں انتقال کر جانے والوں کی تعداد 18 ہوگئی ہے۔
حیدرآباد میں کورونا وائرس کے مریضوں میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔
یہ بھی پڑھیئے: حیدرآباد میں کورونا کے مزید 54 کیسز کی تصدیق
گزشتہ 24 گھنٹوں کےدوران کورونا وائرس کے مزید 4 افراد نے دم توڑ دیا جن میں سے ایک خاتون کا انتقال گھر میں ہوا جو گھر میں آئسولیٹ تھیں۔
ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد سومرو نے بتایا کہ حیدرآباد میں کورونا وائرس سے انتقال کر جانے والوں کی تعداد 18 ہوگئی ہے۔
دوسری جانب ہلال احمر اسپتال کے عملے کے 7 افراد کے ٹیسٹ لیے گئے ہیں۔
چند روز قبل انتقال کر جانے والے حیدر آباد کے ڈاکٹر نوشاد کی ڈاکٹر اہلیہ واپڈا اسپتال میں او پی ڈی کرتی رہی ہیں۔
واپڈا اسپتال سے 20 افراد کے ٹیسٹ لیے گئے ہیں جن میں ڈاکٹرز، لیڈی ڈاکٹرز اور عملہ بھی شامل ہے، جن کی رپورٹ کا انتظار ہے۔
واضح رہے کہ 4 روز قبل ہلالِ احمر اسپتال کے ڈاکٹر نوشاد انتقال کر گئے تھے جو کورونا وائرس کے مریض تھے تاہم ٹیسٹ کرانے کے بجائے از خود گھر میں علاج کرتے رہے۔
یہ بھی پڑھیئے: حیدرآباد، کورونا سے ڈاکٹر نوشاد حسین انتقال کرگئے
ان کے انتقال کے بعد ان کی ڈاکٹر اہلیہ اور بیٹے کا ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے، لیڈی ڈاکٹر کو بھی زکام تھا تاہم انہوں نے ٹیسٹ کرانے سے گریز کیا۔
یاد رہے کہ سندھ بھر میں اب تک کورونا وائرس کے 14 ہزار 99 مریض سامنے آئے ہیں، جبکہ 243 مریض کورونا کے باعث جان کی بازی ہار چکے ہیں۔