• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فالج کی مشتبہ علامات سے متاثرہ افراد کو999 پر فوری رابطہ کی ہدایت

لندن (پی اے) فالج کی مشتبہ علامات سے متاثرہ افراد کو ہدایت کی گئی ہے کہ فوری طور سے 999 پر رابطہ کریں۔ رپورٹ کے مطابق این ایچ ایس نے فالج کی مشتبہ علامات سے متاثرہ افراد پر زور دیا ہے کہ کورونا وائرس کی جاری وبا کے باوجود وہ فوری طور پر ہنگامی طبی امداد حاصل کریں۔ ڈاکٹروں کو خدشہ ہے کہ موجودہ بحران کے نتیجے میں لوگوں کو سٹروک کیئر نہیں مل رہی ہے۔ جمعرات کو شائع ہونے والے اعدادوشمار کے بارے میں توقع ظاہر کی گئی تھی کہ اس سے ظاہر ہوگا کہ اپریل کے مہینہ میں اے اینڈ ای آنے والوں کی تعداد میں کافی کمی آگئی تھی۔ مارچ میں ایسے ہی اعدادوشمار سے پتہ چلا تھا کہ اے اینڈ ای آنے والوں کی تعداد میں گزشتہ سال اسی ماہ کےمقابلے میں ایک تہائی کمی ہوگئی تھی۔ این ایچ ایس انگلینڈ نے ہیلپ اس ہیلپ یو کمپین کے ذریعے فالج کی مشتبہ علامات بشمول منہ کا ایک جانب مڑ جانا، دونوں ہاتھوں کو اوپر اٹھانا اور بولنے میں مشکل پیش آنے کا سامنا کرنے والے ہر ایک شخص کو متنبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر ایمبولنس طلب کرلیں۔ دریں اثنا ہیلتھ سروس ایک نئی اے ای (آرٹیفیشل انٹیلی جنس) ٹیکنالوجی ڈیولپ کر رہی ہے تاکہ زندگی کو لاحق خطرات کی حالت میں فوری طور پر تیز رفتار علاج فراہم کیا جا سکے۔ رائل برکشائر این ایچ ایس فائونڈیشن ٹرسٹ نے سب سے پہلے ایک ایپ کا استعمال شروع کر دیا ہے، جس میں فزیشنز مصنوعی ذہانت کو استعمال کرتے ہوئے دماغ کے سکینز حاصل کر کے علاج کیلئے فوری فیصلہ کرنے کی پوزیشن میں ہوتے ہیں۔ وزیر صحت میٹ ہنکوک نے کہا ہے کہ یہ یقینی طور پر ضروری ہے کہ کوئی بھی فرد جسے فالج جیسی علامات کا سامنا ہو، اسے ہنگامی بنیاد پر طبی امداد کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کے دوران این ایچ ایس کو ایک بے مثال چیلنج کا سامنا تھا اور میرے لئے یہ دیکھنا انتہائی متاثر کن ہے کہ ٹرسٹس مستقل طور پر ایجادات کے ذریعے مریضوں کی دیکھ بھال بہتر بنا رہے ہیں۔
تازہ ترین