• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی، لاڑکانہ والوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، انیس قائمخانی

کراچی، لاڑکانہ والوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، انیس قائمخانی


پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے مرکزی رہنما انیس قائمخانی نے کہا ہے کہ ہم کراچی اور لاڑکانہ والوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

پی ایس پی دفتر میں پریس کانفرنس کے دوران انیس قائم خانی نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور میئر کراچی وسیم اختر کو ہدف تنقید بنایا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ بند کمرے میں بیٹھ کر کورونا وائرس پر سیاست نہ کریں جبکہ میئر کراچی 4 برس سے کچرے کی سیاست کررہے ہیں۔

پی ایس پی رہنما نے مزید کہا کہ ہم عید الفطر کے بعد بتائیں گے کہ کراچی کے ساتھ ساتھ لاڑکانہ بھی ہمارا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج گلی گلی میں یہ بات ہو رہی ہے کہ کورونا وائرس ہے بھی یا نہیں ہے؟ عام آدمی کی یہ سوچ صوبائی اور وفاقی حکومت کے اختلافات کی وجہ سے بنی ہے۔

انیس قائمخانی نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ سندھ میں ملاقات تک نہیں ہورہی، عمران خان کو سنیں تو لگتا ہے کہ چلو گھومنے چلیں، دوسری طرف مراد علی شاہ کو سنیں تو لگتا ہے کہ کمرے میں بند ہوجائیں۔

انہوں نے کہا کہ 2018 کے انتخابات کے نتائج جیسے بھی تھے ہم نے حکومت کو تسلیم کیا لیکن دوسال ہوگئے، کوئی تبدیلی نظر نہیں آئی۔

پی ایس پی رہنما نے کراچی کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں پولیس کی بھرتیاں ہوئیں مگر کراچی والوں کو ہی دور رکھا گیا، میئر کراچی کی وجہ سے شہری پریشان ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں پانی، کچرا اور دیگر مسائل پر میئر کراچی اور سندھ حکومت دونوں کہتے ہیں ہمارا اختیار نہیں۔

تازہ ترین