کراچی کینٹ اسٹیشن کےاندر گاڑیوں کا داخلہ بند کر دیا گیا، اسٹیشن پر مسافروں کی قطار لگ گئی۔
ڈی ایس ریلوے ارشد سلام خٹک نے کینٹ اسٹیشن پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ماسک پہنے بغیر کسی کو بھی اسٹیشن آنے کی اجازت نہیں دی جارہی، اسٹیشن کےاندر مسافروں پر جراثیم کش اسپرے بھی کیا جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: ملک میں مسافر ٹرینیں 2 ماہ بعد چل پڑیں
ڈی ایس ریلوے کا کہنا ہے کہ اسٹاف کے لیے سینٹائزر، ماسک اور گلوز کے خصوصی انتظامات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹرین سروس کی بحالی کے تناظر میں سخت حفاظتی انتظامات کیےگئے ہیں۔
ارشد سلام خٹک نے کہاکہ مسافروں کو بھی ہدایت پر عمل کے بعد ہی اسٹیشن آنے کی اجازت دی جارہی ہے، دوران سفر بھی مسافروں کا چیک اپ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ مسافروں کو ایک گھنٹے پہلے اسٹیشن آنے کی اجازت ہوگی، مسافروں کے لیے ہر ٹرین میں آئیسولیشن وارڈ بھی قائم کیا گیا ہے۔ طبیعت خراب ہونےکی صورت میں علاج و معالجےکی سہولت بھی موجود ہے۔
یہ بھی پڑھیے: مختلف شہروں سے آج 12 ٹرینیں ملتان پہنچیں گی
ڈی ایس ریلوے ارشد سلام خٹک نے اپنی گفتگو میں کہا کہ پلیٹ فارم اور اسٹیشن کے دوسرے حصوں کے فرش کو بھی دھویا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اسٹیشن پر ڈس انفیکشن گیٹ بھی نصب کیا گیا ہے۔
اسٹیشن میں داخل ہونے والے مسافروں کا ٹیمپریچر بھی چیک کیا جارہا ہے، مسافروں کے ساتھ کسی کو اسٹیشن آنے کی اجازت نہیں ہے۔