• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ حکومت کا دہرا معیار سامنے آگیا، قاری عثمان

سندھ حکومت کا دوہرا معیار سامنے آگیا، قاری عثمان


جمعیت علماء اسلام (ف) کے رہنماء قاری محمد عثمان نے کہا کہ شہری رمضان المبارک کے آخری عشرے کے باقی ماندہ ایام میں خوب عبادات کریں۔ مساجد کمیٹیاں مسلمانوں کی سہولت کیلئے طاق راتوں میں مساجد کو کھول دیں۔ علماء کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے جمعتہ الوداع، طاق راتوں اور عید الفطر کی نماز میں احتیاطی تدابیر کا لحاظ رکھا جائے، سندھ حکومت رمضان المبارک کے آخری عشرے کے چند ایام کی نمازوں کی ادائیگی میں کوئی رکاوٹ نہ ڈالے۔

کراچی میں ختم قرآن کی تقریب کے بعد گفتگو کرتے ہوئے قاری محمد عثمان نے کہا کہ اب جبکہ رمضان المبارک کے صرف چند دنوں کی مبارک ساعتیں باقی رہ گئی ہیں حکومت کو چاہیے کہ وہ مسلمانوں کو مساجد سے روکنے کے عمل سے احتراز کرے۔

انہوں نے کہا کہ تمام مسلمان کورونا وائرس سے نجات حاصل کرنے کے لئے رجوع الی اللّٰہ، توبہ استغفار اور درود شریف کے ورد کو معمول بنائیں۔ طاق راتوں میں گڑگڑا کر اللّٰہ تعالی سے پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں اور پوری انسانیت کے لیے کورونا وائرس سے حفاظت کی دعائیں کریں۔

قاری محمد عثمان نے کہا کہ رمضان المبارک رخصت ہورہا ہے، اپنی بخشش کے فیصلے کروانے کی راتیں نکل رہی ہیں۔ پوری قوم کورونا وائرس سمیت تمام ناگہانی آفات و مصائب سے نجات و چھٹکارے کی دعائیں مانگے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کا دہرا کردار سامنے آنے کے بعد تمام اہلسنت علماء کرام کی جانب سے واضح موقف آچکا ہے لہٰذا سندھ حکومت اور انتظامیہ مساجد کی بندش، نمازوں اور جمعتہ المبارک کے اجتماعات پر پابندی سے باز رہےاور عوام بھرپور طریقے اور جوش و خروش سے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے عبادات کی ادائیگی کریں۔

تازہ ترین