صحت مند اور متحرک زندگی جینے کے لیے چہل قدمی کو لازمی قرار دیا جاتا ہے ، اگر آپ روایتی چہل قدمی سے تنگ آ چکے ہیں تو یہ وقت ہے اُلٹے پاؤں چہل قدمی آزمانے کا جو کہ جسمانی اور ذہنی صحت دونوں میں مفید ثابت ہوتی ہے ۔
فٹنس ماہرین کے مطابق چہل قدمی ورزش کی سب سے سادہ اور عام سی قسم ہے مگر اس کے بے شمار فوائد ہیں، طبی ماہرین کی جانب سے بھی دل ، ذیابطیس اور دیگر بیماریوں کے مریضوں کو روزانہ کم از کم آدھا گھنٹہ چہل قدمی تجویز کی جاتی ہے ، شوگر ، بلڈ پریشر اور کولیسٹرول متوازن رکھنے میں چہل قدمی نہایت مفید ثابت ہوتی ہے ۔
اپنی چہل قدمی کی روٹین میں تھوڑا نیا پن لانے کے لیے آگے جانے کے بجائے اب پیچھے کی جانب جائیں، انٹرنیشنل جرنل آف اسپورٹس مڈیسن میں شائع ہونے والی ایک ہیلتھ رپورٹ کے مطابق پیچھے کی جانب اُلٹے پاؤں چہل قدمی سے دل کی صحت سمیت مجموعی صحت پر مثبت نتائج آتے ہیں ، اور وزن میں بھی واضح کمی آتی ہے ۔
اُلٹےپاؤں چہل قدمی کرنے سے طبی طور پر مندرجہ ذیل 5 فوائد حاصل ہوتے ہیں:
ذہنی اور جسمانی ہم آہنگی میں بہتری
طبی ماہرین کے مطابق اُلٹے پاؤں چہل قدمی کرنے سے جسمانی پٹھوں اور ذہنی ہم آہنگی میں اضافہ ہوتا ہے ، جب آپ اپنی روز مرہ کی روٹین سے ہٹ کر پیچھے کی جانب چلتے ہیں تو اس سے فیصلہ لینے کی ذہنی صلاحیتیں بہتر ہوتی ہیں ۔
ٹانگوں کے پٹھے مضبوط ہوتے ہیں
اُلٹے پاؤں چہل قدمی کرنے سے ٹانگوں کے پٹھے مضبوط اور پر سکون ہوتے ہیں ، اگر آپ روزانہ سخت ورزش ’ کارڈیو‘ کرنے کے عادی ہیں تو 15 منٹ اُلٹے پاؤں چہل قدمی لازمی کریں، اس سے آپ کی ٹانگوں کے پٹھے پر سکون اور مضبوط ہوں گے اور تھکن بھی کم محسوس ہوگی ۔
گھٹنوں کے درد میں آرام ملتا ہے
جرنل بائیو کیمیکس میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق اُلٹے پاؤں چہل قدمی کرنے سے گھٹنوں کے اندرونی حصے میں درد کو ریلیف ملتا ہے ۔
اگر آپ کو گھٹنوں میں درد کی شکایت ہے تو اُلٹے پاؤں چہل قدمی کو معمول بنا لیں ، اس سے گھٹنوں کی درد میں بہت آرام ملے گا اور ان پر وزن اور اسٹریس بھی کم آئے گا ۔
اُلٹے پاؤں چہل قدمی تھیراپی کا کام کرتا ہے
امریکی جرنل آف فزیکل تھیراپی سائنس میں شائع ونے والی رپورٹ کے مطابق اُلٹے پاؤں چلنے سے جسم میں ہارمونز کا متوازن اخراج ہوتا ہے جس سے آپ کو پر سکون رہنے میں مدد ملتی ہے ۔
کمر کے درد میں آرام
ٓاگر آپ کو کمر کے نچلے حصے میں درد کی شکایت ہے تو اُلٹے پاؤں چہل قدمی آج ہی سے شروع کر دیں ، روزانہ کی بنیاد پر 15 منٹ ریورس واکنگ سے کمر کے درد اور کمر کے پٹھوں میں اکراہٹ کی شکایت دور ہو جائے گی۔
تجاویز :
اگر آپ کھلی فضا کے بجائے گھر میں ٹریڈ مل واک کر رہے ہیں تو ٹریڈ مل کی رفتار ہلکی رکھیں ۔
اُلٹے پاؤں چلتے ہوئے اس بات کو یقنی بنائیں کے پیچھے کوئی رکاوٹ نہ آئے ۔
اپنے ٹخنوں کی حفاظت کے لیے جاگنگ شوز کا استعمال لازمی کریں۔
بہتر نتائج کے لیے واک اور ریورس واک دونوں 15 ، 15 منٹ کر سکتے ہیں ۔