• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شیخ صالح کامل کا انتقال ناقابل تلافی نقصان ہے، صدر البرکہ بینکنگ گروپ

کراچی (نیوز ڈیسک) البرکہ بینکنگ گروپ کے چیئرمین اور بانی شیخ صالح عبداللہ کامل 18؍ مئی 2020ء کو اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔ معاشیات کے میدان میں وہ سب سے بڑی اتھارٹی تھے۔ دُنیا بھر کی برادریوں کے لئے شیخ صالح کا عزم اور خدمات اپنی مثال آپ ہیں۔ شیخ صالح مشرق وسطیٰ کے سب سے بڑے کاروباری گروپوں میں سے ایک دلہ البرکہ گروپ کے چیئرمین بھی تھے۔ انہوں نے 50 سال قبل اس گروپ کی بنیاد رکھی اور البرکہ انویسٹمنٹ اینڈ ڈیولپمنٹ بنائی، جو دُنیا بھر کے متعدد اسلامی بینکوں، مالیاتی اداروں اور مختلف متنوع کاروباروں میں کمپنیوں کے لئے ایک ہولڈنگ کمپنی ہے۔البرکہ بینکنگ گروپ، بحرین کے صدر اور سی ای او عدنان احمد یوسف نے اپنے بیان میں کہا ’’یہ نہ صرف انسانیت بلکہ اسلامی بینکاری کا بھی ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔ وہ ایک صاحب بصیرت انسان، ایک عظیم رہنما اور سب سے بڑھ کر ان سب افراد کے لئے والد کی طرح تھے، جو ان سے براہ راست یا بالواسطہ طور پر وابستہ تھے۔ اپنے تمام کاروبار میں شرعی اُصولوں کا نفاذ، معاشرے میں زندگی کے تمام شعبوں کی خوشحالی میں اپنی معاونت پیش کرنا ان کے اُصولوں کا بنیادی نچوڑ تھا۔ وہ ہم سب کے لئے مشعل راہ کی حیثیت رکھتے تھے۔ ہم اللہ سے دُعا کرتےہیں کہ وہ ان پر اپنی رحمتیں نازل کرے اور ہمیں ہمت عطا کرے کہ جس مشن کی انہوں نے ابتدا کی تھی اس کو آگے لے جا سکیں۔‘‘ دلہ البرکہ گروپ کے اندر متعدد کمپنیوں کے چیئرمین اور بورڈ ممبر ہونے کے علاوہ شیخ صالح متعدد سماجی، رفاہی اور ثقافتی تنظیموں اور فائونڈیشنز، مثلاً عرب تھاٹ فائونڈیشنز، کنگ عبدالعزیز اور اس کے ساتھیوں کی فائونڈیشن فار گفٹڈ، اسلامک سالیڈیریٹی فنڈ اور عرب اکیڈمی فار فنانس اینڈ بینکنگ کے بورڈز میں رہے۔

تازہ ترین