• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار عدنان صدیقی نے مداحوں کو شکستہ دل کے ساتھ عید کی مبارکباد دے دی۔

چاند رات کے موقع پر تصویر اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنا ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ عید ماضی کی عیدوں سے کافی مختلف ہوگی۔‘

انسٹاگرام پر جاری کردہ اپنے ویڈیو پیغام میں عدنان صدیقی نے کہا کہ ’پوری دُنیا سمیت ہم بھی کورونا وائرس سے لڑ رہے تھے کہ اچانک جمعۃ الوداع کے دن کراچی میں پی آئی اے کے طیارے کو ایک المناک حادثہ پیش آیا جس میں بہت سی قیمتی جانیں ضائع ہوگئیں۔‘


اداکار نے کہا کہ ’لوگ اپنے پیاروں کے ساتھ عید منانے کے لیے آرہےتھے اور وہ اپنے پیاروں سے ملنے کے بجائے اِس دُنیا سے رخصت ہوگئے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’صرف طیارے میں سوار مسافر ہی نہیں بلکہ جن گھروں پر طیارہ گِرا اُن میں سے بھی کئی لوگ زخمی ہوئے اور کئی لوگ جاں بحق ہوئے۔‘

عدنان صدیقی نے طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لیے دُعائے مغفرت کی اور اِس افسوسناک واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحتیابی کے لیے بھی دُعا کی۔

اداکار نے کہا کہ ’طیارہ حادثے سے متاثر ہونے والے تمام خاندانوں سے میری دلی ہمدردی ہے اور دُعا ہے کہ اللّہ تعالیٰ آپ سب کو صبر عطا فرمائے۔‘





اُنہوں نے کہا کہ ’طیارہ حادثہ ہم سب کے لیے ایک بہت بڑا نقصان ہے۔‘

آخر میں اُنہوں نے کہا کہ ’میں اپنے ٹوٹے ہوئے دل کے ساتھ آپ سب کو عید مبارک کہتا ہوں، خوش رہیں اور سلامت رہیں۔‘

واضح رہے کہ جمعۃ الوداع  کو لاہور سے کراچی آنے والے قومی فضائی ادارے (پی آئی اے) کی پرواز کراچی میں لینڈنگ سے 30 سیکنڈ قبل حادثے کا شکار ہوگئی تھی جس کے نتیجے میں97 افراد جاں بحق ہوئے۔

تازہ ترین