• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزارتِ صحت ٹھیکے پر، وزیر لاپتہ ہے: مریم اورنگ زیب

‎پاکستان مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگ زیب نے کہا ہے کہ وزارتِ صحت ٹھیکے پر چل رہی ہے جس کا وزیر لاپتہ ہے۔

اپنے بیان میں ترجمان نون لیگ مریم اورنگ زیب نے وزیرِ اعظم عمران خان کی برطرفی کا مطالبہ کر تے ہوئے کہا ہے کہ لاپتہ وزیرِ اعظم عمران صاحب کے پاس شعبہ صحت کا ’لُک آفٹر چارج‘ ہے۔

‎ انہوں نے کہا ہے کہ ‎ٹھیکے پر چلتی حکومت نے وفاقی دارالحکومت کے صحت کے نظام کو بھی ٹھیکے پر دے دیا ہے۔

ترجمان مسلم لیگ نون نے کہا کہ اسلام آباد میں کورونا وائرس کے مریض 2 ہزار 100 سے زیادہ ہوگئے ہیں لیکن وفاقی دارالحکومت کے اسپتالوں کو عارضی چارج پر چلایا جا رہا ہے۔

مریم اورنگ زیب نے کہا کہ ‎پمز، پولی کلینک، فیڈرل گورنمنٹ ہاسپٹل عارضی چارج پر چل رہے ہیں، ‎ڈی جی ہیلتھ بھی عارضی چارج پر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ‎ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی (ڈریپ) بھی عارضی چارج پر چلائی جا رہی ہے، حکومت 3 ماہ میں 4 سیکریٹری صحت تبدیل کر چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیئے:

شہزاد اکبر کے پاس ثبوت ہوتے تو عدالت جاتے، مریم اورنگ زیب

ترجمان نون لیگ نے مزید کہا ہے کہ پی ایم ڈی سی آج تک عمران صاحب کی انا کا نشانہ بنا ہوا ہے اور مکمل طور پر فعال نہیں ہوسکا ہے۔

مریم اورنگ زیب کا یہ بھی کہنا ہے کہ حکومت نے ہر شعبے کی طرح صحت کے شعبے کا بھی بیڑہ غرق کر دیا ہے۔

تازہ ترین