گزشتہ ماہ 29 اپریل کو اِس دنیا سے رخصت ہونے والے بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار عرفان خان کی اہلیہ سُتاپا سکدر کی جانب سے شوہر کی یاد میں ایک جذباتی پیغام سامنے آیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بُک پر عرفان خان کی اہلیہ سُتاپا سکدر نے عرفان خان کی دو یادگار تصاویر شیئر کیں جس میں ایک تصویر میں عرفان گھاس پر لیٹے ہوئے ہیں جبکہ دوسری تصویر میں عرفان خان اپنی اہلیہ کے ہمراہ سیلفی لیتے نظر آرہے ہیں۔
تصاویر شیئر کرتے ہوئے سُتاپا سکدر نے لکھا کہ ’برائیوں سے پاک ایک دُنیا ہے جہاں میں ایک دن آپ سے ملوں گی۔‘
اُنہوں نے لکھا کہ ’ہم ایک بار پھر سے ملیں گے، ایک دوسرے سے باتیں کریں۔‘
اس سے قبل عرفان خان کی اہلیہ نے اپنے فیس بُک پروفائل پکچر کے طور پر عرفان خان کے ہمراہ ایک یادگار تصویر لگائی تھی اور اس کے ساتھ ہی اُنہوں نے ایک پیغام بھی لکھا تھا۔
سُتاپا سکدر نے لکھا تھا کہ ’میں نے کچھ کھویا نہیں ہے بلکہ بہت کچھ پا لیا ہے۔‘
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 29 اپریل کو ورسٹائل اداکار عرفان خان 53 سال کی عمر میں کولون انفیکشن کے باعث انتقال کر گئے تھے۔
عرفان خان کے لواحقین میں اہلیہ اور دو بیٹے ایان اور بابیل شامل ہیں۔