• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شنگھائی سے پاکستانیوں کی کراچی آمد، 125 مسافر بحرین روانہ

چین میں پھنسے 206 پاکستانی مسافر قومی ایئر لائن کی خصوصی پرواز سے کراچی پہنچ گئے جبکہ کراچی سے 125 مسافر گلف ایئر کی پرواز سے بحرین چلے گئے۔

سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق چین کے ساحلی شہر شنگھائی سے روانہ ہونے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 8854 سے 206 مسافر منگل کو رات گئے کراچی پہنچے۔ وطن واپس آنے والے مسافروں میں ایک بچہ اور خواتین بھی شامل ہیں۔

پی آئی اے ذرائع کے مسافروں کی جناح ٹرمینل پر کورونا وائرس کی اسکریننگ کی گئی اور تھرمل اسکینر سے کلیئر مسافروں کا محکمہ صحت سندھ کی ٹیموں نے طبی معائنہ بھی کیا۔ تمام مسافروں کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیلئے نمونے بھی لئے گئے۔

ذرائع کے مطابق ٹیسٹ رپورٹس آنے تک مسافروں کو 48 گھنٹے کیلئے آئسولیشن میں رکھا جائے گا۔

مسافر نادرن بائی پاس پر واقع لیبر فلیٹس کے سرکاری قرنطینہ سینٹر منتقل کئے گئے جبکہ قیام و طعام کے اخراجات برداشت کرنیوالے مسافروں کو ہوٹلوں میں ٹھہرنے کی اجازت دی گئی ہے۔

پاکستان سے مسافروں کو لینے کیلئے گلف ایئر کی پرواز جی ایف 754 کسی مسافر کے بغیر کارگو لے کر کراچی پہنچی۔ کراچی سے 125 مسافر جی ایف 753 سے بحرین کیلئے روانہ ہوئے۔

سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق بورڈنگ کیلئے آئے مسافروں کی کورونا وائرس کی اسکریننگ اور طبی معائنہ کیا گیا جبکہ مسافروں کے سامان پر سول ایوی ایشن کی جانب سے جراثیم کش اسپرے بھی کیا گیا۔

تازہ ترین