• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اور بھارت شائقین کو اچھی کرکٹ سے محروم نہ کریں، وقار

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ماضی کے عظیم فاسٹ بولر اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس کا کہنا ہے کہ پاک بھارت مقابلے دنیا بھر میں توجہ کا مرکز بنتے ہیں، اگر دونوں ملکوں کے شائقین سے پوچھا جائے تو ان میں سے 95 فیصد کہیں گے کہ روایتی حریفوں کو باہمی میچز کھیلنا چاہیں، شائقین کو جاندار مقابلوں سے محروم رکھنا درست نہیں ہوگا۔

بھارتی میڈیا کو انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ پاک بھارت میچز عالمی کرکٹ کے لیے بھی ناگزیر ہیں، یقین ہے کہ اگر ابھی نہیں تو اگلے چند سال میں باہمی کرکٹ بحال ہوگی، وقار یونس نے کہا کہ عوام روایتی حریفوں کو کسی نیوٹرل مقام پر نہیں بلکہ اپنے ملکوں میں ایکشن میں دیکھنا چاہتے ہیں، باہمی مقابلے جب بھی ہوں پاکستان یا بھارت میں ہونا چاہئیں۔

اس سے پْرجوش شائقین کو اپنے ہیروز کو ایکشن میں دیکھنے کا موقع ملے گاعمران خان کپیل دیو سیریز کہیں یا آزادی سیریز، یہ مقابلہ سپرہٹ ہوگا۔ شائقین کو اچھی کرکٹ سے محروم نہ کرنے کیلئے دونوں کا مستقل کھیلنا ضروری ہے۔ مجھے امید ہے دونوں ملکوں کے درمیان سیریز ہوگی۔

کب ہوگی یہ میں نہیں کہہ سکتاانہوں نے کہا کہ دونوں جب بھی کرکٹ کھیلیں، پاکستان یا بھارت میں کھیلیں، نیوٹرل وینیو پر نہیں، وقار یونس نے کہا کہ گوتم گھمبیر اور شاہد آفریدی کامعاملہ کافی عرصہ سے چل رہا ہے۔ دونوں کو تحمل کا مظاہرہ کرنا ہوگا، آپس میں بیٹھ کر بات کریں، معاملہ ختم کریں۔

تازہ ترین