• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چین ستمبر سے باضابطہ طور پر خلائی مخلوق کی تلاش کا کام شروع کرے گا

کراچی (نیوز ڈیسک) چین نے رواں سال ستمبر سے باضابطہ طور پر خلائی مخلوق کی تلاش کیلئے مشن شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ خلائی مخلوق پر تحقیق کرنے والے چائنیز ادارے (ایس ای ٹی آئی) کے سینئر سائنسدان ژانگ ٹونگ جائی نے سائنس میگزین کو بتایا ہے کہ 500؍ میٹر اپرچر کی ایک بڑی ٹیلی اسکوپ (ایف اے ایس ٹی) کے ذریعے باضابطہ طور پر خلائی مخلوق کی تلاش کا مشن شروع کیا جا رہا ہے۔ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈیلی میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق، ایف اے ایس ٹی کی تعمیر 2011ء میں شروع کی گئی تھی اور یہ 2016ء میں مکمل ہوئی۔ باضابطہ طور پر اس پر رواں سال جنوری میں تجربات شروع کیے گئے اور دنیا بھر کے ماہرین فلکیات نے اس کا جائزہ لیا۔ مارچ میں ایس ای ٹی آئی کے سائنسدانوں نے ایک تحقیقی مقالہ شائع کیا جس میں انہوں نے اس ٹیلی اسکوپ پر ابتدائی تجربات کا ذکر کیا۔ اس مقالے میں بتایا گیا کہ کس طرح زمین کی ریڈیو فریکوئنسی کی وجہ سے پیدا ہونے والے خلل کو دور کرکے ٹیلی اسکوپ کی صلاحیت میں اضافہ کیا جا سکتا ہے جو خلائی مخلوق کا سگنل پکڑنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ ژینگ کا کہنا تھا کہ خلائی مخلوق کی تلاش کے دوران خلا کی تسخیر سے جڑی دیگر تحقیق کا سلسلہ بند نہیں ہوگا اور ایک کام کے ساتھ دوسرا کام بھی جاری رکھا جائے گا۔
تازہ ترین