• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کے پی اسمبلی: اراکین کا داخلہ سینیٹائزر گیٹ کے ذریعے ہوگا

خیبر پختونخوا اسمبلی میں بجٹ اجلاس کے لئے باہمی اتفاق سے ایجنڈا طے کرلیا گیا ہے، اسمبلی کے داخلی راستے پر سینیٹیائزر گیٹ کے ذریعے اراکین کا داخلہ ہوگا۔

سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی مشتاق غنی کی زیرصدارت صوبائی اسمبلی کا اجلاس ہوا، جس میں وزراء اور پارلیمانی لیڈرز بھی شریک ہوئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اجلاس میں تمام اراکین صوبائی اسمبلی اپنے ساتھ صرف ڈرائیور لا سکیں گے، جبکہ تمام اراکین صوبائی اسمبلی کے لئے فیس ماسک پہننا لازمی ہوگا۔

حکام کے مطابق اجلاس سے قبل تمام اراکین اسمبلی کے کورونا ٹیسٹ کروائے جائیں گے، جبکہ ممبران کو مہمانوں کی گیلریز میں حفاظتی فاصلہ رکھ کر بٹھایا جائے گا۔

اجلاس 19 جون سے 28 جون 2020 تک جاری رہے گا، اجلاس دوپہر 2 بجے شروع ہوکر سہ پہر 5 بجے تک جاری رہے گا۔

حکام کے مطابق تمام پارلیمانی لیڈرز 15 منٹ اور باقی اراکین 5 منٹ بجٹ پر تقریر کرسکیں گے، تمام اراکین اسمبلی بجٹ اجلاس میں حفاظتی ایس او پیز پرعمل پیرا ہوں گے، جبکہ کورونا کے سبب بجٹ اجلاس میں غیرمتعلقہ افراد، مہمانوں اور میڈیا پر پابندی ہوگی۔

تازہ ترین