آپ آف لائن ہیں
پیر21؍ذیقعد 1441ھ 13؍جولائی 2020ء
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Jang Group

‎عمران صاحب، علامہ اقبال کی نظم کا حوالہ دیتے ہوئے بھی غلط بیانی، ترجمان ن لیگ

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے علامہ اقبال سے غلط طور پر منسوب نظم شیئر کرنے پر مسلم لیگ ن کا رد عمل بھی سامنے آگیا ہے۔

ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ‎عمران صاحب نے علامہ اقبال کی نظم کا حوالہ دیتے ہوئے بھی غلط بیانی کی۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نوجوانوں کی جان چھوڑ دیں وہ آپ کے پہلے جھوٹوں کا جواب مانگ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ معاشی بدحالی، چینی چوری اور پشاور میٹرو کے گڑھوں پر زمانہ آپ ہی کی مثال دے گا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ یو ٹرن، جھوٹ اور کرپشن پر بھی وزیراعظم ہی کی مثال دی جائے گی۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کسی اور کی نظم علامہ اقبال سے منسوب کر کے سوشل میڈیا پر شیئر کردی تھی۔ غلطی کی نشاندہی ہونے کے بعد وزیراعظم کو تصحیح کرنا پڑی کہ وہ نظم علامہ اقبال نہیں ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ نظم تو علامہ اقبال کی نہیں ہے مگر اس میں جو پیغام ہے وہ اس کی پیروی کی کوشش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کو اس نظم میں موجود پیغام پر عمل کرنا چاہیے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر وزیر اعظم کی جانب سے شئیر کی گئی نظم میں لکھا تھا کہ

کوئی عروج دے نہ زوال دے، مجھے صرف اتنا کمال دے

مجھے اپنی راہ میں ڈال دے، کہ زمانہ میری مثال دے

انہوں نے ساتھ میں یہ بھی لکھا کہ یہ نظم میرے طرزِ زندگی کو ظاہر کرتی ہے، یہ اشعار ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کی نظم کے ہیں۔

بعد ازاں وزیراعظم عمران خان نے اپنے ہی پیغام میں اس کی تصیح کی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا یہ علامہ اقبال کی نظم نہیں ہے، تاہم اس نظم سے وہ انداز جھلکتا ہے جسے میں سلیقہ حیات بنانے کی کوشش کرتا ہوں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نوجوانوں کو میری تلقین ہے کہ وہ اس نظم کو سمجھیں، اپنائیں اور یقین کر لیں کہ اس سے ان خداداد صلاحیتوں میں خوب نکھار آئے گا جو بطور اشرف المخلوقات رب کریم نے ہم سب کو عطا کر رکھی ہیں۔

قومی خبریں سے مزید