پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا تارڑ نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی پیشیوں کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا۔
لیگی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ شہباز شریف گزشتہ دو سال سے مسلسل پیشیوں پر آرہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج ان سے انوکھا سوال کیا گیا کہ ’آپ نے اپنی آمدن سے زیادہ کیوں ٹیکس دیا؟‘
عطا تارڑ نے کہا کہ آمدن سے زائد ٹیکس دینے پر تو شہباز شریف کو انعام دیا جانا چاہیے۔
لیگی رہنما نے سوال کیا کہ نیب نے عمران خان نیازی سے پوچھا کہ آپ کی آمدن کیا اور آپ نے کتنا ٹیکس دیا؟
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پونے دو سال بعدنیب نیازی گٹھ جوڑ کو یاد آیا کہ شہباز شریف کو گرفتار کرنا ہے، شوگر کمیشن کی رپورٹ میں سر فہرست جہانگیر ترین کو رات کے اندھیرے میں فرار کرا دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین کو چارٹرڈ طیارے سے شاہانہ پروٹوکول دیا گیا۔
لیگی رہنما نے مطالبہ کیا کہ وہ فوٹیجز منظر عام پر لائی جائے اور دکھایا جائے کہ ڈاکو کیسے باہر جارہا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کی رہنما عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ عامر کیانی کیس کی اب انکوائری کی منظوری دی گئی ہے، ہمیں تو نیب نے فوراً اٹھا لیا تھا۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جہانگیرترین کو واپس لانے کے لیے قانونی مشاورت کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ شوگر رپورٹ پر حکومت کے یہی تماشے جاری رہے تو ہمیں عدالت جانا پڑے گا۔